پی این ایس خیبر کا مسقط بندرگاہ کا دورہ، کمانڈنگ آفیسر کی اعلٰی افسران سے ملاقاتیں
اسلام آباد(سٹاف رپورٹر) پاک بحریہ کے جہاز پی این ایس خیبر نے خلیج عمان میں میری ٹائم سکیورٹی پٹرول کی تعیناتی کے دوران عمان کی بندر گاہ مسقط کا دورہ کیا۔ پاک بحریہ کی جانب سے ریجنل میری ٹائم سکیورٹی پٹرول کے اقدام کا مقصد گہرے سمندروں میںقومی جہازرانی اور بحری سکیورٹی کو ممکن بناتے ہوئے عالمی ذمہ داریوں کو پورا کرنے اور حساس بحری راہداریوں میں اپنی موجودگی کو یقینی بنانا ہے۔ دورے کے دوران جہاز کے آفیسرز اور عملے نے عمان کے ساتھ باہمی تعلقات کے اشتراک کے باہمی سلسلے کو مزید مستحکم بنانے کیلئے مختلف سرگرمیوں میں حصہ لیا۔جہاز کے کمانڈنگ آفیسر نے سعد بن سلطان نیول بیس کے کمانڈرکموڈور سیف بن محمد بن حدیب ال حبسی او ردیگر بحری عہدیداران سے ملاقاتیں کیں۔پاک بحریہ کے آفیسرز اور عملے کا سلطان آرمڈ فورسز میوزیم کا دورہ ، رائل نیوی ، رائل ائیر فورس اور رائل آرمی کے آفیسرز کا پی این ایس خیبر کا دورہ بھی دیگر سرگرمیوں میں شامل تھا۔ عمان میں مقیم پاکستانیوں اور اسکول کے بچوں کی کثیر تعداد نے پی این ایس خیبر کا دورہ کیا۔