حکومت کا وزیراعظم ہائوس میں موجود 4 ہیلی کاپٹر، 8 بھینسیں بھی نیلام کرنے کا فیصلہ
اسلام آباد(آن لائن ) حکومت نے وزیراعظم ہاؤس میں موجود 8 بھینسیں اور 4 ہیلی کاپٹرز بھی نیلام کرنے کا فیصلہ کر لیا ۔وزیراعظم عمران خان کے مشیر نعیم الحق کا کہنا ہے کہ کیبنٹ ڈویژن کے پاس موجود 4 ہیلی کاپٹرز کسی کے زیراستعمال نہیں اس لیے اضافی گاڑیوں کی نیلامی کے بعد چاروں ہیلی کاپٹرز بھی نیلام کیے جائیں گے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ وزیراعظم ہاؤس میں موجود 8 بھینسیں بھی فروخت کی جائیں گی جو سابق وزیراعظم نواز شریف نے اپنی غذائی ضروریات پوری کرنے کے لیے رکھی تھیں۔یاد رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے کفایت شعاری پالیسی کے تحت وزیراعظم ہاؤس کے زیراستعمال اضافی گاڑیوں کی نیلامی کا حکم دیا تھا جس کے بعد مجموعی طور پر 33 گاڑیاں نیلام کرنے کے لیے اشتہار بھی جاری کیا گیا۔