یو این ہائی کمشنر کا مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر بیان اہم پیشرفت ہے‘ علی رضا
اسلام آباد (سپیشل رپورٹ) کشمیر کونسل یورپی یونین نے اقوام متحدہ کی نئی ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق کے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا بھارت کی طرف سے نوٹس نہ لینے کے بیان کا خیرمقدم کیا ہے۔ کشمیر کونسل کے چیئرمین علی رضا سید نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ہائی کمشنر نے جو چلی کی سابق صدر بھی ہیں نے بھارت پر زور دیا ہے کہ انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے بارے میں اقوام متحدہ کی رپورٹ پر توجہ دے اور ان خلاف ورزیوں کی روک تھام کرنے کے اقدامات کرے۔ علی رضا سید نے کہا کہ اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کی کمشنرز کا مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے خلاف بیان ایک اہم پیشرفت ہے۔ علی رضا سید نے مطالبہ کیا کہ کشمیریوں پر مظالم ڈھانے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے۔ اقوام متحدہ کشمیریوں کا قتل عام کرنے والوں پر جنگی مقدمات چلائے۔