سینیٹ مجلس قائمہ کابینہ سیکرٹریٹ کا پی ٹی ڈی سی کی کارکردگی پر تحفظات کا اظہا ر

Sep 12, 2018

اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) سینیٹ کی مجلس قائمہ برائے کیبنٹ سیکرٹریٹ کا اجلاس چیئرمین کمیٹی سینیٹر طلحہ محمود کی زیر صدارت پارلیمنٹ لاجز کے کانفرنس ہال میں منعقد ہوا ۔کمیٹی کے آج کے اجلاس میں پاکستان ٹورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن کی کارکردگی ،سالانہ بجٹ ، ملک میں غیر ملکی سیاحوں کی آمد کی تعداد ، سیاحتی مقامات پر لوگوں کے رش اور پرائیوٹ سیکٹر کے ساتھ موازنہ ریٹ ، گزشتہ پانچ برسوں میں تعمیر کیے گئے سیاحتی مقامات کے علاوہ ادارے کو درپیش مسائل اور ان کے حل کے امور کا تفصیل سے جائزہ لیا گیا ۔ سپیشل سیکرٹری کیبنٹ ڈویژن اور ایم ڈی پی ٹی ڈی سی نے قائمہ کمیٹی کو بتایا کہ یہ ادارہ 1970 میں قائم کیا گیا ۔اراکین کمیٹی نے پی ٹی ڈی سی کی کارکردگی پر شدید تحفظات کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ دنیا بھر میں سیاحت سے پورے پورے ملک کی معیشت چلتی ہے مگر ہمارے ملک میں سیاحت مسلسل تنزلی کا شکار ہے ۔پی ٹی ڈی سی 1970میں قائم ہوا تاہم یہ اپنے مقاصد میں مکمل ناکام رہے۔سینیٹر روبینہ خالد نے کہا کہ وقت بدل گیا ہے ادارے کو ای ٹورازم سسٹم متعارف کرانا چاہیے ۔ سینیٹر جاوید عباسی نے کہا کہ دنیا بھر میں سیاحت کا محکمہ وفاق کے پاس ہوتا ہے ۔ سینیٹر ستارہ ایاز نے کہا کہ سیاحت آمدن کا آسان ترین طریقہ ہے ۔ سینیٹر ہدایت اللہ نے کہا کہ وزارت قانون اور صوبوں کو بلا کر بہتری کیلئے حکمت عملی تیار کی جائے ۔ سینیٹر طلحہ محمود نے کہا کہ سیاحت کے شعبے کی بہتری کیلئے وزیراعظم ، چاروں صوبائی وزراء اعلیٰ بشمول گلگت بلتستان و کشمیر کو خط لکھ کر صورتحال کی رپورٹ دی جائے گی۔ قائمہ کمیٹی نے وزارت کیبنٹ ڈویژن سے ادارے کے لیگل فریم ورک کی رپورٹ بھی طلب کر لی ۔ سیکرٹری کیبنٹ ڈویژن نے کہا کہ اٹھارویں ترمیم کے تحت سیاحت صوبائی معاملہ بن چکا ہے۔ادارے کے 537 ملازمین ہیںیہ ادارہ آدھا تیتر اور آدھا بٹیر ہے بہتر یہی ہے کہ پالیسی لیول تک معاملات وفاق کے پاس رہیں اور باقی صوبوں کو دے دیں، اجلاس میں سینیٹرز نجمہ حمید ،محمد طاہر بزنجو، روبینہ خالد، نصیب اللہ خان بازئی، سردار محمد اعظم خان موسیٰ خیل، ستارہ ایاز، ڈاکٹر اسد اشرف ،محمد جاوید عباسی اور ہدایت اللہ کے علاوہ سپیشل سیکرٹری کیبنٹ ڈویژن ، ایڈیشنل سیکرٹری کیبنٹ ڈویژن ، جنرل منیجر پی ٹی ڈی سی و دیگر حکام نے شرکت کی ۔

مزیدخبریں