جولائی اگست کے دوران اوورسیز پاکستانیوں نے 4 ارب ڈالر وطن بھیجے: سٹیٹ بینک

Sep 12, 2018

کراچی(آن لائن)بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی جانب سے رواں مالی سال کیٓ پہلے 2 ماہ میں ملک میں تقریباً 4 ارب ڈالر کا ترسیلات زر بھیجا گیا۔اسٹیٹ بینک کے اعداد و شمار کے مطابق جولائی اور اگست میں ترسیلات زر میں 13.45 فیصد اضافہ ہوا اور ملک میں 3.966 ارب ڈالر کی ترسیل کی گئی۔مرکزی بینک کے مطابق اگست میں بیرون ملک پاکستانیوں کی جانب سے 2.037 ارب ڈالر کے ترسیلات زر بھیجے گئے، جو رواں مالی سال جولائی سے 5.6 فیصد اور اگست 2017 سے 4.24 فیصد زائد ہے۔برآمدات کے بعد ترسیلات زر کا ملک کے مجموعی زرمبادلہ کے ذخائر میں انتہائی اہم کردار ہے۔مالی سال 18-2017 کے دوران پاکستان کے ترسیلات زر، برآمدات سے حاصل ہونے والی کْل آمدنی کے برابر تھے۔رواں مالی سال کے پہلے دو ماہ میں سب سے زیادہ ترسیلات زر 31.5 اضافے سے امریکہ سے بھیجے گئے جن کی مالیت 59 کروڑ 70 لاکھ ڈالر رہی۔برطانیہ سے، جہاں پاکستانیوں کی بڑی تعداد مقیم ہے، ترسیلات زر میں 24 فیصد کا اضافہ ہوا اور جولائی، اگست میں وہاں سے 55 کروڑ 60 لاکھ ڈالر بھیجے گئے۔اس کے علاوہ خلیجی ممالک میں متحدہ عرب امارات سے ان دو ماہ میں ترسیلات زر 15.4 فیصد اضافے سے 89 کروڑ 40 لاکھ ڈالر بھیجے گئے۔یورپی ممالک سے بھیجے جانے والے ترسیلات زر میں بھی 8.4 فیصد اضافہ ہوا اور وہاں سے 12 کروڑ 40 لاکھ ڈالر بھیجے گئے۔سعودی عرب سے بھیجے جانے والے ترسیلات زر میں ایک اعشاریہ 86 فیصد کی کمی ہوئی اور 90 کروڑ 30 لاکھ ڈالر کی ترسیل کی گئی۔

مزیدخبریں