جمہوریت کے لئے انکی خدمات قابل تقلید ہیں: خواتین رہنما

Sep 12, 2018

ملتان(لیڈی رپورٹر)پاکستا ن کی جمہوری جدوجہد کو آمریت کے پنجے سے چھڑانے میں بیگم کلثوم نواز نے اپنے شوہر کے شانہ بشانہ کھڑی نظر آتی ہیں۔ انکا انتقال پوری قوم کو دکھ دے گیا۔ حکومت نے سابق وزیر اعظم اور انکی بیٹی مریم نواز کو پیرول پر رہا کر کے احسن اقدام کیا ہے۔ بیگم کلثوم کو اللہ اپنے جوار رحمت میں خصوصی جگہ دے۔ وہ ہمیشہ قوم کے دلوں میں رہیں گی۔ ان خیالات کا اظہار سابق خاتون اول بیگم کلثوم نواز کے انتقال پر مختلف طبقہ فکر سے تعلق رکھنے والی خواتین نے نوائے وقت فورم میں اظہار خیال کرتے ہوئے کیا۔ سابق ایم این اے بیگم شاہین شفیق نے کہا کہ بیگم کلثوم نواز انتہاء ملنسار اور محبت کرنے والی خاتون تھیں وہ اپنے ورکرز کو ناموں سے پہچانتی تھیں انہیں شہر کا نام بھی معلوم ہوتا تھا بلا کا حافظہ رکھتی تھیں۔وہ بہت بہادر خاتون تھیں۔ سابق ایم پی اے اور پاکستان مسلم لیگ ن کی سینئر رہنما بیگم سلطانہ شاہین نے روت ہوئے کہا کہ بیگم کلثوم نواز جیسی بہادر اور جیدار خاتون پاکستان میں پھر پیدا نہیں ہو گی۔ بہت عظیم خاتون تھیں۔ ان کی کمی کبھی پوری نہ ہو گی۔ سینئر رہنما پاکستان تحریک انصاف آصفہ سلیم نے کہا کہ انہوں نے انسانی حقوق کے لئے بہت کام کیا جو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین و وزیر اعظم پاکستان عمران خان قانون اور انسانی ہمدردی کے تمام تقاضے احسن طریقے سے ادا کرتے ہوئے پیرول پر رہائی دینے کے ساتھ سہولیات بھی فراہم کریں گے ان کے اس دنیا سے چلے جانے کا تحریک انصاف کے تمام رہنما کارکنوں کو دکھ ہے۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سینئر رہنما ضلعی کوآرڈنیٹر ڈاکٹر حمیدہ کانم نے کہا کہ خدا انکے درجات بلند کرئے وہ بہترین ماں بہترین بیوی بہترین دوست بہترین لیڈر کے تمام اوصاف رکھتی تھیں۔ خدا انہیں کروٹ کروٹ جنت الفردوس میں جگہ دے۔ سماجی رہنما بیگم طاہرہ نجم نے کہا کہ قدرت بیگم کلثوم نواز پر شجر مہربان رہی اور دنیا نے دل سے عزت کی ۔ ہم سب کو یہاں سے چلے جانا ہے قدرت کا نظام ہے اس میں مداخلت کی کوئی کنجائش نہیں پوری قوم کو انکی روح کے ایصال ثواب کے لئے فاتحہ خوانی کرنی چاہیئے۔ پی پی پی کی سینئر رہنما عابدہ حسین بخاری نے کہابیگم کلثوم نواز 8ماہ سے زیادہ عرصہ ہارلے سٹریٹ اسپتال میں زیر علاج رہیں۔ وہ پاکستان کی بیٹی ہیں پاکستان میں ہی انکی تدفین ہو گی۔ قوم غم میں ہے بہادر لوگوں کو پاکستان پیپلز پارٹی ہمیشہ سلام کرتی ہے۔ جمہوریت کے لیئے قربانیاں قابل تقلید ہیں خدا انکے اہل خانہ کو صدمہ برداشت کرنے کی ہمت عطا فرمائے سماجی و سیاسی رہنما ممبر ضلعی زکوۃٰ و عشر کمیٹی بیگم تمکینہ زاہد نے کہا کہ بیگم کلثوم نواز عورتوں کے حقوق کے لیئے ہمیشہ سینہ سپر رہیں خدا اُنہیں غریق رحمت کرئے۔ لیکن اس بات کا شدید دکھ ہے کہ موجودہ حکومت نے بیگم کلثوم نواز کی آخری خواہش جو وہ بیٹی کو ملنے اور دیکھنے کیلئے کرتی تھیں مریم نواز کو رہا نہ کرنے سیاسی لٹیرے ہونے کا ثبوت دیا ۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی رہنما عطیہ ربنواز نے کہا ہے بیگم کلثوم نواز کے انتقال پر ہر آنکھ اشک بار ہے سماجی رہنما بیگم زہرہ سجاد زیدی نے کہا بیگم کلثوم نواز انسان دوست تھیں اور انسانیت سے محبت ہی انکا اوڑھنا بچھونا تھا یہی وجہ ہے کہ پور ی قوم سیاست سے ہٹ کر ان سے پیار کرتی تھی وہ بھولا ئے نہیں بھولیں گی۔ خدا انہیں اپنے جوار رحمت میں جگہ عطا فرمائے۔

مزیدخبریں