نشتر آئوٹ ڈور جونیئر ڈاکٹرز کے حوالے، پروفیسرز غائب

Sep 12, 2018

ملتان (وقائع نگار) نشتر ہسپتال کا شعبہ آئوٹ ڈور جونیئر میڈیکل آفیسرز کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ مختلف شعبہ جات کے پروفیسرز اپنے مقررہ ڈیوٹی ایام میں مریضوں کا طبی معائنہ کرنے نہیں آ رہے ہیں جس کی وجہ سے مریض مجبوراً ان پروفیسرز کو انکی نجی کلینک میں بھاری معاوضہ ادا کر کے طبی معائنہ کروانے پر مجبور ہیں۔ شعبہ پیڈز و امراض سینہ، ای این ٹی، نیورولوجی، میڈیسن، امراض دل، نیفرالوجی میں چیک اپ کے لئے آنے والے مریض صرف پروفیسرز کے ناموں کی تختیوں کے ذریعے ان کو غائبانہ طور پر جانتے ہیں جبکہ جو مریض پرائیویٹ طور پر ان کو چیک اپ کرواتے ہیں تو وہ پہلی مرتبہ ان کو وہاں بالمشافہ دیکھتے ہیں۔ شعبہ آئوٹ ڈور میں 25 مختلف کیڈر کے ڈاکٹرز تعینات ہیں جہاں اوسطاً چھ ہزار کے قریب مریض اپنا طبی معائنہ کروانے آ رہے ہیں۔ مریضوں نے صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد سے اپیل کی ہے کہ وہ پروفیسرز کی او پی ڈی میں بائیو میٹرک حاضری لگانے کے احکامات دیں۔

مزیدخبریں