بچت سکیم: میپکو نے سب ڈویژنل دفاتر کا تیل کا کوٹہ بند کر دیا

Sep 12, 2018

ملتان (نامہ نگار خصوصی) میپکو نے غیر ضروری اخراجات پر پابندی کے زمرہ میں سب ڈویژنل دفاترکا پیٹرولیم مصنوعات کا کوٹہ بند کردیا۔ شکایات کے ازالہ اور مینٹی ننس کے کاموں کیلئے ٹرک، منی ٹرک اور ڈالے دفاتر میں کھڑے ہوگئے۔ سب ڈویژنل سطح پرکام ٹھپ ہو کر رہ گیا۔ میپکو کے سب ڈویژنل افسروں اور سٹاف نے متعلقہ صارفین پر پیٹرولیم اخراجات برداشت کرنے کا بوجھ ڈال دیا۔ ٹرانسفارمرکی تنصیب، خراب اور جلے ہوئے ٹرانسفارمرز کی تبدیلی باالخصوص پرائیویٹ انڈی پینڈنٹ ٹرانسفارمر کی تنصیب و تبدیلی کے اخراجات صارفین سے لئے جانے پر صارفین نے شدید احتجاج کیا ہے۔ میپکو حکام کے مطابق مقامی ایک ڈویژن کو پیٹرولیم مصنوعات کی فراہمی لاگ بکس کی چیکنگ کے باعث عارضی طور پر روکی گئی ہے۔ ملتان سمیت پورے ریجن میں ڈیزل اور پیٹرولیم مصنوعات کی فراہمی معمول کے مطابق جاری ہے۔ تاہم غیر پیداواری اور ضروری اخراجات میں 50 فی صد تک کمی لائی جارہی ہے۔

مزیدخبریں