اوورسیز پاکستانیوں کی رجسٹریشن 15 ستمبر تک جاری رہے گی‘ الیکشن کمیشن

Sep 12, 2018

اسلام آباد (خصوصی نمائندہ) الیکشن کمیشن کے ترجمان ڈی جی پی آر الیکشن کمیشن ندیم قاسم نے کہا ہے کہ ضمنی انتخابات میں سمندر پار پاکستانیوں کو پہلی بار ووٹ کا حق دیا جارہا ہے ¾نائیکوپ اور مشین ریڈایبل پاسپورٹ ہولڈر ہی رجسٹرڈ ہوسکتے ہیں، رجسٹریشن کے بعد دیے گئے ای میل پر پاس کوڈ 14 اکتوبر سے پہلے دیا جائے گا۔ سمندر پار پاکستانیوں کو ضمنی انتخاب میں ووٹ کا حق انتخابی قانون 2017 ءکے تحت پراجیکٹ کے طورپر دیا جا رہا ہے جس کی رپورٹ پارلیمنٹ کو پیش کی جائے گی جو اس کی روشنی میں مزید قانون سازی کرے گی، آئی ووٹنگ کے ذریعے ایسے پاکستانی جو ضمنی انتخاب کے متعلقہ حلقہ سے تعلق رکھتے ہوں ان کا نام انتخابی فہرست میں بطور ووٹر درج ہوان کے پاس نائیکوپ، مشین ریڈ ایبل پاسپورٹ اور مصدقہ ای میل ایڈریس ہو وہ ووٹ کاسٹ کرنے کے اہل ہو ںگے۔ گزشتہ روز نادرا حکام سے الیکشن کمیشن کے اعلیٰ حکام کی ملاقات کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے ترجمان الیکشن کمیشن نے کہاکہ اوور سیز پاکستانیوں کی رجسٹریشن 15 ستمبر تک جاری رہے گی۔ الیکشن کمیشن سرکاری ٹی وی اور اخبارات کے ذریعے آگاہی مہم چلا رہا ہے۔ دفتر خارجہ کے ذریعے الیکشن کمیشن نے آئی ووٹنگ کے رولز و طریقہ کار تمام قونصل خانوں میں پہنچا دیئے ہیں۔ بدھ سے اخبار میں اشتہار بھی جاری کیے جائیں گے۔ انہوں نے بتایاکہ سمندر پار پاکستانی آئی ووٹنگ کے لئے اہلیت کی بنیاد نائیکوپ مشین ریڈایبل پاسپورٹ اور درست و مصدقہ ای میل ایڈریس ہونا رکھا گیا ہے ۔ اسی کے تحت بطور ووٹر رجسٹریشن ہو گی پھر جس حلقے میں ضمنی انتخاب ہو رہا ہے اس حلقے کے ووٹر کو ووٹنگ پاس ملے گا ۔ انہوں نے بتایاکہ ابھی یہ طے کرنا باقی ہے کہ آج سے 6 بجے تک کے پولنگ کے دورانیہ سے کتنا پہلے ووٹر کو پاس کوڈ دیا جائے۔ ووٹروں کی جانب سے ووٹ کا حق پولنگ کے دورانیہ کے دوران ہی استعمال کیا جاسکے گا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایاکہ جو سافٹ ویئر الیکشن کمیشن نے ڈویلپ کیا ہے اس کو 10لاکھ پاکستانی تارکین وطن نے وزٹ کیا ہے ۔ توقع ہے کہ آخری دنوں میں زیادہ سے زیادہ رجسٹریشن ہو گی۔

مزیدخبریں