الیاس شاکر نے پاکستانی صحافت کا انداز بدلنے میں کردار ادا کیا: فاروق ستار

Sep 12, 2018

کراچی (کلچرل رپورٹر) آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کی پریس اینڈپبلی کیشن کمیٹی ‘سٹی ٹھنکرزفورم اور فلم اینڈ ٹی وی جرنلسٹس ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام سینئرصحافی و کالم نگارالیاس شاکر اور اشفاق انجم کی یاد میں تعزیتی اجلاس کا اہتمام ہوا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے متحدہ قومی مومنٹ کے رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے کہاکہ الیاس شاکر سنجیدہ گفتگو بھی ہلکے لہجے سے کرتے تھے‘ پاکستان کی صحافت کا انداز بدلنے میں الیاس شاکر کا ایک اہم کردار ہے ‘ یکجہتی انسان کی ترقی کا اہم پہلو ہے‘ الیاس شاکر اور اشفاق انجم اس کی ایک اہم مثال تھے۔ نظام مصطفی پار ٹی کے سربراہ حاجی حنیف طیب نے کہاکہ الیاس شاکر جب بھی کسی سے ملتے تو عزت اور احترام کا خاص خیال رکھتے تھے وہ ایک عظیم انسان تھے جن کو صحافت کی دنیا میں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ آرٹس کونسل کراچی کے صدر محمد احمد شاہ نے کہاکہ الیاس شاکر ایک ایماندار شخص تھے انہوں نے قومی اخبار کی ترقی کیلئے دن رات محنت کی اور ان کی اس محنت میں اشفاق انجم اور ان کے تمام دوست و احباب نے بھی بڑھ چڑھ کر ان کا ساتھ دیا۔ انہوں نے الیاس شاکر اور اشفاق انجم کے اہل خانہ سے کہاکہ آرٹس کونسل ہمیشہ ان کی ہر ممکن مدد کیلئے حاضر ہے۔ مختار عاقل نے کہاکہ الیاس شاکر کی اہم خوبی یہ تھی کہ وہ جھوٹ ‘ ناانصافی اور ظلم کے خلاف آواز بلند کرتے تھے۔ الیاس شاکر کی صاحبزادی صدف الیاس شاکرنے کہاکہ ان کے والد ایک مخلص انسان تھے انہوں نے ہمیشہ سب کا ساتھ د یاان کا ادھورا مشن جو انہوں نے ظلم کے خلاف آواز اٹھائی وہ اب ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ ہم اسے آگے بڑھائیں۔ اس تعزیتی اجلاس کے موقع پر دونوں مرحومین کی شخصیت کو بیان کیا اور ان کیلئے دعائے مغفرت کی۔

مزیدخبریں