پیشہ ورانہ اور تکنیکی تعلیم ہی کسی ملک کے روشن مستقبل کی ضمانت دے سکتی ہے: عامر ذوالفقار
لاہور(نامہ نگار)پیشہ ورانہ اور تکنیکی تعلیم ہی کسی ملک کے روشن مستقبل کی ضمانت دے سکتی ہے اور اگر ہم جدید اور ترقی یافتہ پاکستان کے خواب کو شرمندہ تعبیر دیکھنا چاہتے ہیں تو ہمیں اپنی مستقبل کی نسل کو اعلیٰ تعلیم سے آراستہ کرنا ہو گا۔اِن خیالات کا اظہار انسپکٹر جنرل نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس محمد عامر ذوالفقار خاں نے نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس اور قائدِاعظم لاء کالج کے مابین موٹروے پولیس افسران کے بچوں کے لیے خصوصی تعلیمی وظائف کے یادداشتی معاہدے کی دستخطی تقریب کے دوران کیا۔ آئی جی موٹروے پولیس عامر ذوالفقار خاں نے کہا موٹروے پولیس افسران اپنے بچوں کو پیشہ ورانہ اور تکنیکی تعلیم حاصل کرنے کے لیے انکی حوصلہ افزائی کریں۔ عامر ذوالفقار خاں نے مزید کہا موٹروے پولیس کی ترجیحات میں مدد، ایجوکیشن اور انفورسمنٹ شامل ہے اور مشکل میں پھنسے مسافروں کو بروقت مدد فراہم کرنا ہماری اولین ترجیح ہے۔اس موقع پر سی ای او قائدِ اعظم گروپ آف کالجز چوہدری محمد سلیم نے بھی خطاب کیا۔