اسپیشل بچوں کی خدمت و بحالی عبادت ہے‘ میرا

Sep 12, 2018

کراچی (کلچرل رپورٹر) پاکستان کی ممتاز فلم اسٹار میرا نے اسپیشل بچوں کی خدمت اوربحالی کے کام کو عبادت قرار دے دیا‘ پاکستان فلم اینڈ ٹی وی جرنلسٹس ایسوسی ایشن کی دعوت پر کراچی میں اسپیشل بچوں کے ادارے زینب ری ہیبلیٹیشن سینٹر اور اسکول کے دورے کے موقع پر تقریب سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اداکارہ میرا نے کہاکہ اسپیشل بچوں کے درمیان آکر مجھے جو ذہنی سکون اور راحت ملی ہے اس کو الفاظ میں بیان نہیں کیا جاسکتا‘ یہ اسپیشل بچوں دراصل ہمارے معاشرے کو ایک عکس ہیں اور اس عکس میں ہمیں خود کو دیکھنے کی ضرورت ہے‘ انھوں نے سینٹر کے روح رواں حاجی مسعود پاریکھ اور سلمان پاریکھ کی کاوشوں کا سراہتے ہوئے کہاکہ اسپیشل بچوں کی بحالی کا سینٹر اور اسکول قائم کرکے ان لوگوں نے دنیا میں جنت کمالی ہے ‘ دوسرے لوگوں کو بھی ان کی تقلید کرنی چاہیے۔ اس موقع پر میمن خدمت کے سینئر وائس چیئرمین یحییٰ پولانی نے کراچی سمیت ملک بھر میں اسپیشل معذور ‘ بے سہارا اور یتیم بچوں کے حوالے سے قائم کئے جانے والے مراکز اور خدمت کے دیگر کاموں کے بارے میں تفصیلات بتائیں جبکہ سلمان پاریکھ نے اپنے خطاب میں کہاکہ اسپیشل بچوں کی بحالی کا کام ہم ان بچوں کیلئے نہیں بلکہ خود اپنے لئے کررہے ہیں ‘ ان بچوں کو معاشرے کا ایک کارآمد فرد بنانا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔

مزیدخبریں