کلثوم نواز کی رحلت: مسلم لیگ ن نے سیاسی سرگرمیاں معطل کر دیں

Sep 12, 2018

کراچی (اسٹاف رپورٹر) کلثوم نواز کے انتقال کے بعد مسلم لیگ ن کراچی نے تمام سیاسی سرگرمیاں تین روز کیلئے معطل کر دیں۔ ن لیگ کے رہنمائوں اسلم خٹک اور رشید راجپوت نے کہا ہے کہ کلثوم نے جمہوریت کیلئے لازوال قربانیاں دیں انہوں نے محمد شہباز شریف اور مریم نواز سمیت خاندان کے دیگر افراد سے بھی دلی تعزیت کی۔ اسلم خٹک ایڈووکیٹ نے کہاکہ مرحومہ ایک نڈر خاتون تھیں انہوں نے نہ صرف ملک و قوم کیلئے اپنی خدمات پیش کیں بلکہ جمہوریت کے استحکام کیلئے انہوں نے جو دلیرانہ کردار ادا کیا وہ کردار تاریخ میں سنہری حروف سے لکھا جائے گا۔رانا اشفاق رسول نے کلثوم نواز کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک مخلص خاتون تھیں۔ اسلم خٹک نے اس موقع پر اعلان کرتے ہوئے کہاکہ ضلع وسطی سمیت کراچی کے پارٹی کارکنان تین روزہ سوگ میں تمام سیاسی سرگرمیوں کو معطل رکھیں گے۔ اس موقع پر حاجی صالحین تنولی‘ خواجہ غلام شعیب‘ سید زاہد علی شاہ‘ محمد جاوید میاں‘ عارف بھٹی‘ عمر بٹ‘ سینئر جرنلسٹ لئیق عالم‘ ایوب جوہری‘ میاں عبدالغنی‘ طاہر آرائیں‘ آزاد قادری‘ دانش چیمہ‘ فہد شفیق‘ گلفراز خان‘ ڈاکٹر طارق قادری‘ محسن جاوید‘ سلیم مزاری‘ عارف گجر‘ سلیم شاہ و دیگربھی موجود تھے۔

مزیدخبریں