منی بجٹ میں تجارتی خسارہ کم کرنے کیلئے اقدامات کئے جائیں گے
اسلام آباد (عترت جعفری) منی بجٹ میں تجارتی خسارہ کو کم کرنے کے لئے اقدامات کئے جائیں گے جن کا ایک اہم مقصد ریونیو بڑھانا ہے۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ درآمدی سامان پر کسٹمز ڈیوٹی کیشرحوں میں اضافہ کے ساتھ ساتھ لگژری آئیٹمز کی فہرست میں مزید آئیٹمز ڈالے جائیں گے۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ وفاقی وزیر اطلاعات نے غیرملکی خبررساں اداروں سے بات کرتے ہوئے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ امریکی وزیر خارجہ پومپیو نے حالیہ دورہ اسلام آباد میں یقین دہانی کرائی ہے کہ اگر پاکستان بیل آؤٹ پیکج کے لئے آئی ایم ایف سے رجوع کرے تو امریکہ ادارے کے اندر مخالفت نہیں کرے گا۔ اس سے قبل وزیر خارجہ نے اپنی پریس کانفرنس میں کہا تھا کہ امریکی وزیر خارجہ کے ساتھ ’امداد‘ کے کسی موضوع پر بات نہیں ہوئی۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ وزیراعظم آئندہ ہفتے سعودی عرب جانے والے ہیں۔ جبکہ منی بجٹ کی تیاری بھی حتمی مرحلہ میں داخل ہو گئی ہے۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ منی بجٹ میں آئی ایم ایف کی ممکنہ شرائط کو پیش نظر رکھا جا رہا ہے۔ 30 ستمبر تک گیس کی قیمت کا فیصلہ بھی ہو جائے گا جبکہ بجلی کی قیمت بڑھانے کے بارے میں فیصلہ بھی نیپرا سے ہونے والا ہے۔ حکومت 30 ستمبر کے بعد کسی بھی وقت آئی ایم ایف کے پاس جانے یا نہ جانے کا حتمی اعلان کر دے گی۔