بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کی طلبی‘ فائر نگ سے شہری کی شہادت پر پاکستان کا شدید احتجاج
اسلام آباد(آئی این پی ) پاکستان نے لائن آف کنٹرول پر بھارتی فائرنگ سے شہری کی شہادت پر بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو طلب کرکے شدید احتجاج کرتے ہوئے احتجاجی مراسلہ جے پی سنگھ کے حوالے کیا۔ منگل کو پاکستان نے سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی اور شہری کی شہادت پر بھارت سے شدید احتجاج کیا ہے۔اس سلسلے میں پاکستان میں تعینات بھارت کے ڈپٹی ہائی کمشنر جے پی سنگھ کو دفتر خارجہ طلب کرکے شدید احتجاج کیا گیا۔ دفتر خارجہ میں ڈی جی جنوبی ایشیا و سارک ڈاکٹر فیصل نے احتجاجی مراسلہ جے پی سنگھ کے حوالے کیا۔ واضح رہے گزشتہ روز خنجر سیکٹر پر بھارتی فوج نے بلا اشتعال فائرنگ اور گولہ باری کی جس کے نتیجے میں 52 سالہ شہری گفتار حسین شہید ہواتھا۔ احتجاجی مراسلے میں کہا گیا بھارت سیز فائر معاہدے کی پابندی کرے۔