پی ایم ہاؤس، گاڑیوں کی نیلامی رکوانے کیلئے دائر درخواست مسترد

Sep 12, 2018

اسلام آباد (وقائع نگار) حکومت کی جانب سے اسلام آباد ہائی کورٹ کو بتایا گیا ہے کہ وزیراعظم بیک وقت درجنوں گاڑیاں استعمال نہیں کر سکتے اس لئے وزیراعظم ہاو ¿س کی اضافی گاڑیوں کی نیلامی کی جا رہی ہے جن کی مالیت کروڑوں میں ہے اور یہ گاڑیاں مقروض قوم پر ایک بوجھ ہیں۔ منگل کو عدالت عالیہ کے جسٹس عامر فاروق نے ایک شہری کی جانب سے وزیراعظم ہاؤس کی گاڑیوں کی نیلامی رکوانے کی درخواست کی سماعت کی تو درخواست گزار کے وکیل اصغر علی مبارک ایڈووکیٹ عدالت میں پیش نہ ہوئے۔ درخواست میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ گاڑیوں کی نیلامی سے غیر ملکی مہمانوں کا پروٹوکول متاثر ہو گا اور عوام کے پیسے پر اضافی بوجھ بھی پڑے گا لہٰذا نیلامی رکوانے کے احکامات جاری کئے جائیں۔ دوران سماعت ڈپٹی اٹارنی جنرل راجہ خالد محمود نے عدالت کو آگاہ کیا کہ جن لگژری گاڑیوں کی نیلامی کی جا رہی ہے وہ اضافی ہیں۔ اضافی گاڑیوں کی مالیت کروڑوں میں ہے ، جو مقروض قوم پر بوجھ ہے۔ وزیر اعظم بیک وقت درجنوں گاڑیوں کو استعمال نہیں کر سکتے۔ اس پر عدالت نے حکم امتناع کی درخواست مسترد کرتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی۔

مزیدخبریں