پنجاب کابینہ کے 10 نئے وزرا‘ 5 مشیر‘ 3 معاونین خصوصی آج حلف اٹھائیں گے
لاہور(صباح نیوز)پنجاب کابینہ کے 10 نئے وزراء ، 3 مشیر اور 5 معاونین خصوصی آج حلف اٹھائیں گے۔وزیرِاعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے جمعہ کو 9 وزرا کے ناموں کی منظوری دی تھی اور اب مزید ایک وزیر کے نام کی منظوری بھی دی گئی ۔ تقریب حلف برداری گورنر ہائوس لاہور میں ہو گی ، گورنر پنجاب چوہدری سرور آج (بدھ کو) نئے وزرا، مشیروں اور معاونین خصوصی سے حلف لیںگے ۔سید سعید الحسن شاہ، مہر محمد اسلم بھروانہ، سید حسنین جہانیاں گردیزی، محمد اجمل، محمد اخلاق، آشفہ ریاض، شوکت لالیکا، زوار حسین وڑائچ اور اعجاز مسیح وزرا کی حیثیت سے حلف اٹھائیں گے۔دوسری جانب عبدالحئی دستی، فیصل حیات جبوانہ اور محمد حنیف ایڈوائزر ہوں گے جبکہ رفاقت علی گیلانی، امیر محمد خان، خرم خان لغاری، عمر فاروق اور محمد سلمان خصوصی معاون ہوں گے۔10 نئے وزرا کی شمولیت کے بعد پنجاب کابینہ میں وزرا کی تعداد 33 ہوجائے گی۔یاد رہے کہ پنجاب کی 23 رکنی کابینہ نے 27 اگست کو قائم مقام گورنر چوہدری پرویز الہی سے حلف لیا تھا۔ حلف اٹھانے والوں میں میاں محمود الرشید، علیم خان، فیاض الحسن چوہان، حافظ ممتاز احمد، مخدوم ہاشم بخت، سمیع اللہ چوہدری اور یاسر ہمایوں سرفراز سمیت دیگر شامل تھے۔