سابق صوبائی وزیر قانون ضیا لنجار کے خلاف درخواست کی سماعت 8نومبر تک ملتوی
کراچی (وقائع نگار)سندھ ہائیکورٹ نے سابق صوبائی وزیر قانون ضیاالحسن لنجار کے خلاف کرپشن بدعنوانی اوراختیارات کے ناجائز استعمال کے خلاف درخواست کی سماعت 8 نومبر تک ملتوی کردی ہے ۔منگل کو سندھ ہائی کورٹ میں سابق صوبائی وزیر قانون ضیاالحسن لنجار کے خلاف کرپشن بدعنوانی اوراختیارات کے ناجائز استعمال کرنے سے متعلق سماعت ہوئی۔ عدالت میں نیب کے پراسیکیوٹر کا کہنا تھا کہ ضیاالحسن لنجار کیخلاف انکوائری جاری ہے انکوائری کے دوران کئی چیزیں سامنے آئی ہیں۔ مزید دستاویزات اکٹھی کی جارہی ہیں ضیا الحسن لنجار کے ڈیفنس میں بنگلہ خریدنے کا بھی سراغ لگایا ہے ۔انکوائری کے دوران انکشاف ہوا ہے کہ بنگلے کا سیل ایگریمنٹ ضیا لنجارکے نام ہے اورپراپرٹی سسرکے نام کرارکھی ہے بنگلہ کی مالیت 9 کروڑ ہے جسے اثاثے میں شمارنہیں کیا گیا عدالت سے استدعا ہے کہ مزید مہلت دی جائے تاکہ ملزم کے خلاف مزید دستاویزات حاصل کی جاسکیں عدالت نے نیب پراسیکیوٹر کی استدعا پرسماعت 8 نومبر تک ملتوی کردی جبکہ ملزم ضیا الحسن لنجار کی ضمانت میں بھی توسیع کردی۔