جیمز اینڈرسن ٹیسٹ کرکٹ کے کامیاب ترین فاسٹ باؤلر بن گئے

Sep 12, 2018

اوول (سپورٹس ڈیسک )عظیم انگلش فاسٹ باؤلر جیمز اینڈرسن نے گلین میک گرا کا عالمی ریکارڈ توڑتے ہوئے ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے فاسٹ باؤلر کا ریکارڈ اپنے نام کر لیا۔سابق مایہ ناز آسٹریلین فاسٹ باؤلر گلین میک گرا 124ٹیسٹ میچوں میں 463وکٹیں لے کر اب تک ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے فاسٹ باؤلر تھے تاہم اب جیمز اینڈرسن نے انہیں اس اعزاز سے محروم کردیا۔جیمز اینڈرسن نے 2003 میں لارڈز کے مقام پر زمبابوے کے خلاف ٹیسٹ ڈیبیو کیا اور اسی میچ میں ارک ورمیلن کو آؤٹ کر کے اپنی پہلی ٹیسٹ وکٹ حاصل کی۔وہ انٹیگا میں ویسٹ انڈینز کے دنیش رامدین کو آؤٹ کر کے انگلینڈ کے کامیاب ترین ٹیسٹ باؤلر بن گئے۔اس سے قبل یہ ریکارڈ آئن بوتھم کے پاس تھا جنہوں نے 383وکٹیں حاصل کی تھیں۔انگش فاسٹ باؤلر نے لارڈز کے تاریخی مقام پر 500وکٹوں لینے کا ریکارڈ اپنے نام کیا اور تاریخ کے کامیاب ترین ٹیسٹ باؤلر بننے کا امکانات مزید روشن کرلیے۔جب بھارت کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے ابتدائی تین ٹیسٹ میچوں میں 17وکٹیں لے کر اس بات کو یقینی بنادیا۔اب آخری ٹیسٹ میچ میں انہوں نے مجموعی طور پر 5وکٹیں حاصل کر کے یہ عالمی ریکارڈ اپنے نام کر لیا۔ انہوں نے میچ کی آخری اننگز میں بھارتی بلے باز محمد شامی کو آؤٹ کر کے 464 ویں وکٹ حاصل کی اوریہ عالمی ریکارڈ قائم کرنے کے ساتھ ساتھ اپنی ٹیم کو بھی میچ میں فتح سے ہمکنار کرا کر اس تاریخی لمحے کو مزید یادگار بنا لیا۔

مزیدخبریں