کھیلوں کی تنظیم نو کیلئے ٹاسک فورس بنانے کا فیصلہ

Sep 12, 2018

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) وزیراعظم عمران خان نے کھیلوں سے متعلق ٹاسک فورس بنانے کی ہدایت کی ہے جو کھیل کی تنظیموں کی کارکردگی کا جائزہ لے گی اور کھیلوں میں انتظامی اصلاحات کے بارے میں شفارشات دے گی۔ وزیراعظم نے وزارت بین الصوبائی رابطہ کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں سیکرٹری بین الصوبائی رابطہ، چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ احسان مانی اور سینئر حکومتی اہلکاروں نے شرکت کی۔ سیکرٹری بین الصوبائی رابطہ جمیل احمد نے وزارت، اس سے منسلک اداروں، پاکستان سپورٹس بورڈ، پاکستان کرکٹ بورڈ کے بارے میں بریفنگ دی۔ وزیراعظم کو بتایا گیا کہ 2008ء کے بعد سے اب تک اربوں روپے کی سکیمیں جن کا مقصد کھیلوں کا فروغ تھا کو نامکمل چھوڑ دیا گیا۔ فزیکل انفراسٹرکچر کی بہت کم ترقی ہوئی۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ تمام زیر التواء سکیموں کا ازسر نو جائزہ لیا جائے اور ان کی عدم تکمیل کی وجوہات معلوم کی جائیں۔ اجلاس میں کھیلوں کی تنظیموں کی کارکردگی کا جائزہ بھی لیا گیا۔ اور یہ فیصلہ کیا گیا کہ سپورٹس کی تنظیم نو کی جائے گی۔ انفراسٹرکچر اور تنظیمی ڈھانچہ کو بھی بہتر بنایا جائے گا۔ میرٹ اور شفافیت لائی جائے گی تاکہ ایسا ملک جس کی 200ملین آبادی میں سے 60فیصد 30سال کی عمر سے کم ہیں کھیلوں کی دنیا میں راج کرسکتے ہیں۔ کھیل کی ٹاسک فورس کے سربراہ احسان مانی ہوں گے جو کھیل کی تنظیموں کی کارکردگی کا جائزہ لیں گے۔ فنڈز کے موثر استعمال اور انتظامی اصلاحات تجویز کریں گے۔ وزیراعظم نے کہا کہ پہلے مرحلہ میں سپورٹس گراؤنڈز کو بڑھایا جائے۔

مزیدخبریں