مانچسٹر،جدہ :مسلم لیگ (ن) کے رہنمائوں کارکنوں کا اظہار افسوس، کلثوم نواز کو خراج عقیدت
مانچسٹر+ جدہ (عارف چوہدری+امیر محمد خان) بیگم کلثوم نواز مرحوم ایک بہادر خاتون تھیں اور جب سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف اور خاندان کے دیگر افراد کو ملک بدر کیا گیا تو پارٹی کی باگ ڈور سنبھالی اور سیاسی ذمہ داریاں خوش اسلوبی اور فہم و فراست سے سر انجام دیں اور آمریت کے خلاف اور جمہوریت کی بحالی کے لیے پیش پیش رہیں۔ ان دکھ بھرے جذبات کا اظہار مسلم لیگ ن برطانیہ و یورپ کے سفارتی ونگ کے چیئرمین کونسلر عتیق الرحمن، آزاد کشمیر مسلم لیگ ن برطانیہ کے سینئر نائب صدر راجہ مقصود حسین کاکڑوی، راجہ صغیر، مرکزی راہنماؤں سجاد راجہ، راجہ جلیل الرحمن، و دیگر نے بیگم کلثوم نواز کی وفات کے موقع پر میڈیا کو اپنے ایک بیان میں کیا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ دکھ کی اس گھڑی تمام تر ہمدردیاں میاں نواز شریف، مریم نواز، اور خاندان کے دیگر افراد کے ساتھ ہیں۔ہمیں مرحومہ کو ملی خدمات کے صلہ میں خراج عقیدت پیش کرتے ہیں اور رب العالمین کی بارگاہ اقدس میں دعا ہے کہ مرحومہ کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائیں اور لواحقین ،دوست احباب اور جماعتی کارکنان کو عظیم صدمہ برداشت کرنے کی ہمت دیں۔جدہ، ریاض مکہ المکرمہ، طائف، دمام سے مسلم لیگ ن سے تعلق رکھنے والے پاکستانیوں نے ٹیلفون پر تعزیت کرتے ہوئے مغفرت کی دعا کی۔ مسعود احمد پوری، وحید چوہدری، نور محمد آرائیں، کریم خان کھوسہ، خالد رانا اور دیگر رہنمائوں نے میاں نواز شریف، حسن نواز، شہباز شریف، حسین نواز، مریم نواز، آسما ڈار سے تعزیت کی۔