گورنر ہائوس میں اجلاس‘ محرم کیلئے اقدامات پر تبادلہ خیال

Sep 12, 2018

کراچی (اسٹاف رپورٹر)گورنرسندھ عمران اسماعیل کی زیر صدارت گورنرہائوس میں محرم الحرام کے حوالہ سے مختلف مکاتب فکر کے علماء کرام کا اجلاس منعقد ہوا ۔ اجلاس میں میئر کراچی وسیم اختر، حاجی حنیف طیب ، علامہ عباس کمیلی ،یوسف سلیم عطاری ، صدیق راٹھور ، مولانا رسول اللہ ، مفتی سلیم الدین ، مولانا حسرت ولی ، احمد اویس تھانوی ، احمد مصطفی تھانوی ، مولانا فرقان حیدر عابدی ، علامہ سید وقار حسین تقوی ، شبر رضا ، حاجی محمد عاطف بلو، شاہ اویس ، مولانا آغا سید سبط حیدر موسوی اور دیگر علما ء کرام سمیت اعلیٰ حکام بھی شریک تھے۔اجلاس میں محرم الحرام میں امن و امان برقرار رکھنے ،جلوسوں ،مجالس و دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ گورنر نے کہا محرم الحرام میں امن و امان برقرار رکھنے کے لئے ہر ممکن اقدامات کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسلام صبر ،برداشت ،رواداری اور بھائی چارہ کا درس دیتا ہے ہمیں اسلام کے رہنما اصولوں کے مطابق اپنی زندگی اور معاشرہ کو ڈھالنا ہوگا اس ضمن میں علما ء کرام اہم کردار ادا کرسکتے ہیں ، علما ء کرام محراب و منبر سے بھائی چارہ ، ہم آہنگی ، برداشت اور رواداری کا درس عام کریں ۔ گورنر نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی وہ علما ء کرام کے تعاون سے ہر ممکن اقدامات بروئے کا ر لائیں ، کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے محفوظ رہنے کے لئے نگہبان کیمروں سے بھرپور استفادہ حاصل کیا جائے ۔

مزیدخبریں