ملک کی ترقی و خوشحالی کیلئے کراچی کی ترقی و خوشحالی ضروری ہے: سراج الحق

Sep 12, 2018

کراچی (نیوزرپورٹر)امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ ملک کی ترقی وخوشحالی کے لیے کراچی کی ترقی اور خوشحالی ضروری ہے ۔ایم کیو ایم پہلے بھی حکومتوں میں شامل رہی ہے اور موجودہ حکومت میں بھی شریک ہے ۔پی ٹی آئی کا مینڈیٹ ہے کہ وہ کراچی کے مسائل حل کرے،وزیر اعظم عمران خان کراچی آرہے ہیں وہ اس موقع پر کراچی کے لیے 500ارب روپے کے پیکج کا اعلان کریں۔ سانحہ بلدیہ فیکٹری اور سانحہ 12مئی کے ذمہ داران کو کیفر کردار تک پہنچانا حکومت کی ذمہ داری ہے ،سانحہ بلدیہ کے متاثرین کو معاوضے کی ادائیگی یقینی بنائی جائے ، کراچی میں سرکاری کواٹروں کے مکینوں کو بے دخل کرنے کے بجائے ان کو مالکانہ حقوق دیے جائیں ، کے الیکٹرک کے بے لگام گھوڑے کو لگام دی جائے اور کرنٹ لگنے سے جاں بحق ہونے والوں کو معاوضہ اور زخمی ہونے والوں کی کفالت کا انتطام کے الیکٹرک سے کروایا جائے ،کے الیکٹرک کو قومی تحویل میں لیا جائے ،کراچی میں پویس اور رینجرز کی موجودگی کے باوجود اسٹریٹ کرائمز میں اضافہ حکومت کے لیے شرمناک ہے ۔عمران خان ختم نبوتؐ اور توہین رسالت ؐ کے حوالے سے عالمی سطح پر اپنا کردار ادا کریں اور قوم کی بیٹی ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی اور وطن واپسی کو یقینی بنانے کے لیے امریکہ سے بات کریں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ادارہ نورحق میں ایک اہم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

مزیدخبریں