تفتیشی افسر نے ملزم کی تذلیل کی تو اسے نہیں چھوڑیں گے: چیف جسٹس
اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت) سپریم کورٹ آف پاکستان میں ایل این جی میگا سکینڈل کیس کی سماعت کے دوران چیف جسٹس نے نیب کے تفتیشی افسران کے رویے پر شدید برہمی کا اظہار کیا،چیف جسٹس نے کہا کہ ایک ملزم کو نیب نے سات گھنٹے بیٹھائے رکھا اور تھپڑ مارے ،نیب نے ملزم کی تذلیل کرنیوالے تفتیشی کیخلا ف کیا کارروائی کی ،کسی کو تھپڑ مارنے کی اجازت نہیں دیں گے ،چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے ایل این جی میگا سکینڈل کیس کی سماعت کی تونیب پراسیکیوٹر جنرل نے کہا ایل این جی میگا سکینڈل کیس کا 80فیصد ریکارڈ حاصل کرلیا گیا،بعض چیزیں ہمارے قابو میں نہیں ہیں،بادی النظر میں اب تک اکٹھے کیئے گئے ثبوتوں میں جان ہے،چیف جسٹس نے پراسیکیوٹر جنرل نیب سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا ایل این جی میگا سکینڈل انکوائری کے حقائق کھلی عدالت میں نہ بتائیں،گزشتہ روز ایک آدمی نے بتایا کہ نیب کے تفتیشی نے اسکی بہت تذلیل کی،چیف جسٹس نے مزید ریمارکس میں کہا اگر کسی تفتیشی نے تذلیل کی تو ہم چھوڑیں گے نہیں۔