بانی پاکستان کی 70 ویں برسی عقیدت و احترام سے منائی گئی

Sep 12, 2018

کراچی(آئی این پی) بابائے قوم و بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کی 70 ویں برسی گزشتہ روز انتہائی عقیدت و احترام سے منائی گئی۔ 25 دسمبر 1876 کو کراچی میں پیدا ہونے والے قائداعظم محمد علی جناح پیشے کے اعتبار سے نامور وکیل اور سیاستدان تھے۔انہوں نے 1913 میں آل انڈیا مسلم لیگ میں شمولیت اختیار کی اور مسلمانوں کے لیے ایک الگ وطن کے حصول کی جدوجہد شروع کر دی۔ یہ قائداعظم محمد علی جناح کی انتھک محنت اور کاوشوں کا ہی نتیجہ ہے کہ برصغیر کے مسلمانوں نے 14 اگست 1947ء کو آزاد اسلامی ریاست حاصل کی اور پاکستان وجود میں آیا۔ قائداعظم قیامِ پاکستان کے بعد 11 ستمبر 1948ء کو اپنی وفات تک ملک کے پہلے گورنر جنرل رہے۔بانی پاکستانی کی برسی کے موقع پر گورنر سندھ عمران اسماعیل اور وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے مزار قائد پر حاضری دی، پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی بھی کی۔بابائے قوم کے یومِ وفات کے سلسلے میں مختلف تنظیموں کی جانب سے ملک بھر میں سیمینارز، مذاکروں اور دیگر تقاریب کا بھی اہتمام کیا گیا ۔

مزیدخبریں