گورنر سندھ نے ہیلتھ ایشیاء نمائش اور کانفرنس کا افتتاح کردیا

Sep 12, 2018

کراچی (وقائع نگار )گورنر سندھ عمران اسماعیل نے ایکسپو سینٹر میں 15 ویں ہیلتھ ایشیاء نمائش اور کانفرنس کا افتتاح کردیا ،اس 3 روزہ نمائش میں دنیا کے 25 ممالک سے نمایاں فارماسوٹیکل کمپنیاں شرکت کر رہی ہیں،نمائش میں شریک ملکی و غیر ملکی کمپنیوں کی تعداد 900 کے قریب ہے۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنرسندھ نے کہا کہ صحت کے شعبہ میں بہتری حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے ،اس کانفرنس سے صحت کے شعبہ کے تمام اسٹیک ہولڈرز کو ایک دوسرے کے تجربات سے سیکھنے کا موقع ملے گا کیونکہ طب کے شعبہ میں مسلسل تحقیق کے باعث نئی ادویات اور جدید ترین آلات و مشینری سامنے آرہی ہے ان کے موثر اور بروقت استعمال سے مختلف جان لیوا امراض سے محفوظ رہا جا سکتا ہے۔ فارما سوٹیکل کے شعبہ کے اسٹیک ہولڈرز کے لئے وفاقی وزیر برائے نیشنل ہیلتھ سروسز ، ریگو لیشنز اور کوآرڈینیشن عامر محمود کیانی جلد کراچی کا دورہ کریں گے تاکہ اس شعبہ میں صنعتی فعالیت کو یقینی بنایا جا سکے ۔

مزیدخبریں