تاجر برادری انتخابات میں بی ایم جیئنز کو ہی کامیاب کرائے گی:مفسر ملک

Sep 12, 2018

کراچی(کامرس رپورٹر)کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر مفسر عطا ملک نے کہا ہے کہ پچھلے بیس سال سے جاری بزنس مین گروپ کی عوامی خدمت پالیسی کے باعث انشاء اللہ اس سال کراچی چیمبر میں ہونے والے انتخابات میں ہمیں بھرپور کامیابی حاصل ہوگی کیونکہ کراچی شہر کی پوری تاجر برادری یہ اچھی طرح جانتی ہے کہ جس نیک نیتی اور محنت سے بی ایم جی نے مسائل کے حل کے لئے تاجروں و صنعتکاروں کی خدمت کی کوئی اور کر ہی نہیں سکتا۔ مفسر ملک نے کہا کہ گزشتہ 20 سالوں میں کراچی چیمبر کو حاصل ہونے والی کامیابیاں آزادی اور اختیارات کے بغیر ممکن نہیں ہوسکتی تھیں ۔انھوں نے کہا کہ بی ایم جی انتہائی قابل احترام اور اچھی ساکھ رکھنے والے کاروباری افراد کی ایک ٹیم ہے جو کراچی میں تجارت و صنعت کے فروغ کے لیے کام کر رہی ہے۔ ہم یہ کام رضاکارانہ طور پر سرانجام دے رہے ہیں اورہم کسی کے کہنے پر نہیں چل رہے۔اس بات کا کریڈٹ سراج قاسم تیلی اور ان کی ٹیم کو جاتا ہے کہ انھوں نے نہ صرف کے سی سی آئی کو مالی طور پر مستحکم ادارہ بنایا جو اس قابل بنا کہ اپنے مالی وسائل سے کراچی چیمبر کی نئی عمارت کی تعمیر کے لئے کلفٹن کے علاقے میں اراضی خرید سکا اور ہم نے کسی سے کوئی امداد نہیں مانگی۔آخر میں مفسر ملک نے بزنس مین گروپ ، سراج قاسم تیلی، اور کراچی چیمبر کے خلاف مخالف گروپ اور ان کو سپورٹ کرنے والوں کی جانب سے سوشل میڈیا پر جاری سازشوں اور الزامات پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ تمام تر سازشیں اور الزامات الیکشن کے دن مٹی میں مل جائیں گے اور یہ سارے عناصر جو اب اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئے ہیں منہ کی کھائیں گے جب بزنس مین گروپ انشاء اللہ بھاری اکثریت سے انتخابات میں کامیابی حاصل کرے گا۔

مزیدخبریں