سی پیک سے پاکستانی صنعتوں کو نقصان نہیں پہنچے گا:محمد اسماعیل راہو

Sep 12, 2018

کراچی (این این آئی)وزیر زراعت سندھ محمد اسماعیل راہو نے کہا ہے کہ سی پیک انفرا سٹرکچر منصوبہ ہے، پاکستان کی ترقی میں اہم کردار ادا کرے گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے وفاقی اردو یونیورسٹی میں سی پیک کے متعلق سمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ سینٹرل ایشیائی ممالک تک ہمیں رسائی دے گا،منصوبے کے مواقع ہیں اور چیلنجز بھی ہیں، زرعی شعبے کو جدید طریقوں پر استوار کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ہماری فی ایکڑ پیداوار بڑھانے کی ضرورت ہے،فصل کاٹنے کے بعد اسکی ویلیوایڈیشن پر کام کرنا ہوگا، زرعی شعبے میں انقلابی اقدامات کرنا ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک کی کامیابی ہماری خارجہ پالیسی پر انحصار کرے گی، چین کی سرمایہ کاری پاکستانی معیشت کو استحکام دے گی، سی پیک سے فائدہ اٹھانے کے لئے ہمیں تیار ہونا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک سے پاکستانی صنعتوں کو نقصان نہیں پہنچے گا، ہمیں خود مضبوط ہونا پڑیگا،پاکستان زرعی ترقی میں سب سے آگے ہے، سی پیک سے سندھ کے نوجوان کو ہنر سیکھنے کے اچھے مواقع مل سکتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم سندھ کے ہر شہر دیہات میں زراعت کی انڈ سٹریاں لگانہ چاہتے ہیں جس میں چین کا سہکار درکار ہے، جس میں ہم اپنے مقامی لوگوں کو روزگار دے سکیں۔

مزیدخبریں