پاکستان جیسی دھرتی دنیامیں کہیں نہیں ، پارٹی کوضرورت ہوتو گھر سے نکل آتی ہوں ، کلثوم نواز کی نوائے وقت سے یادگار گفتگو

Sep 12, 2018

لاہور (عنبرین فاطمہ سے/ میگزین رپورٹ) بیگم کلثوم نواز نے کہا کہ پاکستانی عوام کے ساتھ ملکر مسلم لیگ (ن) پاکستان کو روشن مستقبل دینے کی خواہاں ہے۔ ہم اس ملک کو ایسا بنائیں گے کہ اس کا نام ترقی یافتہ ممالک کی صفوں میں نمایاں طور پر لیا جائے گا۔ 8 برس تک محبوب قائد کو جلا وطن رکھا گیا لیکن اس کے باوجود عوام کے دلوں میں ان کی محبت میں کمی نہیں آئی۔ ان خیالات کا اظہار بیگم کلثوم نواز نے 2009 میں الحمراء میں کسی تعلیمی فنکشن میں نوائے وقت سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ جب ان سے کہا گیا کہ آپ صحیح معنوں میں نواز شریف کی ہمت ہیں تو انہوں نے کہا درحقیقت نواز شریف میری ہمت ہیں۔ جب ان سے پوچھا گیا کہ اتنے سالوں کے بعد آپ پاکستان واپس آئی ہیں تو کیا محسوس کر رہی ہیں تو کہنے لگیں کہ اس ملک جیسی دھرتی دنیا میں کہیں نہیں ہے۔ اللہ نے ہمیں اپنے گھر بلایا تھا وہاں سے ہو کر پھر اپنے وطن لوٹ آئے ہیں۔ جب ان سے کہا گیا کہ آپ نے مسلم لیگ ن کو بہت سنبھالا دیا تو کہنے لگیں پارٹی کو جب میری ضرورت ہوتی ہے میں گھر سے باہر نکل آتی ہوں جب ضرورت پوری ہو جاتی ہے تو میں پھر ہائوس وائف بن جاتی ہوں۔ جب ان سے کہا گیا کہ نوائے وقت آپ سے تفصیلی انٹرویو کرنا چاہتا ہے تو پیار بھرے لہجے میں بولیں آپ راحیلہ سے رابطہ کر کے گھر آ جائیے نوائے وقت اور مجید نظامی تو ہمارے ویسے بھی محسن ہیں۔

مزیدخبریں