انٹر نیشنل تھروبال کوچنگ اینڈ ریفریز کورس کا اختتام

Sep 12, 2018

کراچی (اسپورٹس رپورٹر) ایشین اورپاکستان تھروبال فیڈریشن کے زیر اہتمام کراچی میں منعقدہ ،انٹر نیشنل کوچنگ اینڈ ریفری کورس منگل کو اختتام پذیر ہوا ۔تقریب میں پاکستان تھروبال فیڈریشن کے سینئرنائب صدر روبن یامین مہمان خصوصی تھے ۔ن کا کہنا تھا کہ اس کورس کے کامیاب شرکا اپنے اپنے اداروں ،اسکولوں ،کالجز اور یو نیورسٹیز میں تھروبال کے فروغ کے لئے کام کریں تاکہ گراس روٹ لیول پر تھروبال کا کھیل مزید وسعت پا سکے ،اس موقع پر ایشین اور پاکستان تھروبا ل فیڈریشن کے سیکریٹری مقبول آرائیں ،ارشد خان اور دیگر بھی موجود تھے ۔دوروزہ کورس کو سری لنکا کے انٹر نیشنل کوچ رمیش مجھیرا نے کنڈکٹ کیاجبکہ پاکستانی کوچز نصرت سفیان،ایون فریڈرک اور عدنان ترین نے ان کی معاونت کی ۔مہمان خصوصی نے کہا کہ انٹر نیشنل کورس کا پاکستان میں انعقاد اور ایک انٹر نیشنل کوچ کا پاکستان آکر کوچ کنڈکٹ کرنا اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان میں حالات انٹر نیشنل کھیلوں کے لئے سازگار ہیں ،میں سمجھتا ہوں کہ اب غیر ملکی ٹیموں کے پاس پاکستان میں نہ کھیلنے کا کوئی جواز باقی نہیں رہا ،پی ٹی ایف کے سیکریٹری مقبول آرائیں نے کہا کہ اس کورس کے کامیاب انعقاد سے مستقبل میں انٹر نیشنل ایونٹس پاکستان لانے کے لیے بہت حوصلہ ملا ہے اب ہماری کوشش ہے کہ دسمبر میں ایشین تھروبال چیمپئن شپ پاکستان میں منعقد کی جائے جس کے لئے جلد کام شروع کر دیا جائے گا ۔میش مجھیر ا نے کہا کہ انہوں نے پاکستان میں پہلی بار کوچنگ کورس کنڈکٹ کیا ہے جس کے دوران انہیں بالکل اجنبیت محسوس نہیں ہوئی پاکستان تھروبال فیڈریشن کی میزبانی یادگار رہی ،ان کی کوشش ہوگی کہ وہ دوبارہ بھی پاکستان آئیں ۔ کورس میں 200سے زائد کوچز اور کھلاڑیوں نے شرکت کی ۔

مزیدخبریں