کیپٹن مجید ایم سی بی میموریل فٹبال ٹورنامنٹ کیماڑی محمڈن نے جیت لیا

Sep 12, 2018

کراچی ( اسپورٹس رپورٹر) آل کراچی کیپٹن مجید ایم سی بی میموریل فٹبال ٹورنامنٹ کا فائنل کیماڑی محمڈن نے لائٹ آف بلوچ کو2-0 سے شکست دیکر ٹرافی پر اپنا قبضہ جمالیا۔ نشترپارک گرائونڈ نمائش میں کھیلے گئے فائنل میں کیماڑی محمڈن نے لائٹ آف بلوچ کو 2-0 سے ہرادیا۔ کیماڑی محمڈن کی جانب سے 16 ویں منٹ میں حبیب الرحمن نے گول اسکور کرکے اپنی ٹیم کو سبقت دلادی۔ وقفے میں مہمان خصوصی پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما شہزاد ناتھا کا دونوں ٹیموں سے تعارف کرایا گیا۔دوسرے ہاف میں بھی کیماڑی محمڈن نے اپنے عمدہ کھیل سے حریف لائٹ آف بلوچ کو اپنے اوپر حاوی نہیں ہونے دیا۔ میچ کا دوسرا گول دوسرے ہاف کے 47ویں منٹ میں کیماڑی محمڈن کی طرف سے شارق نے بناکر اپنی ٹیم کی سبقت کو2-0 سے دگنا کردیا۔ ریفری نے جب اختتامی وسل بجائی تو کیماڑی محمڈن کی ٹیم 2-0کے اسکور کے ساتھ میدان سے سرخرو ہوکر باہر آئی۔ میچ کے ریفری الطاف مگسی، ڈپٹی ریفریز عبدالروف، کلیم الدین، میچ کمشنر رضوان اور میڈیا کوآرڈینیٹر محمد سلیم سماء تھے۔ مہمان خصوصی پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما شہزاد ناتھا نے آخر میں انعامات تقسیم کئے۔فاتح اور رنراپ ٹیم کو ٹرافیاں اور ٹریک سوٹ ودیگر انعامات دیئے گئے۔

مزیدخبریں