اسلام آباد ہائیکورٹ نے وزیراعظم ہائوس میں گاڑیوں کی نیلامی روکنے کی استدعا مسترد کر دی

Sep 12, 2018

اسلام آباد(صباح نیوز)اسلام آباد ہائیکورٹ نے وزیراعظم ہائوس کی گاڑیوں کی نیلامی روکنے کی استدعا مسترد کردی ، مقدمے کی سماعت غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کر دی گئی۔ منگل کو اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس عامر فاروق نے وزیراعظم ہائوس کی گاڑیوں کی نیلامی کیخلاف دائر درخواست پر سماعت کی۔ درخواست گزار چودھری ناصر کی جانب سے موقف اپنایا گیا کہ گاڑیوں کی نیلامی سے غیر ملکی مہمانوں کا پروٹوکول متاثر ہوگا، بعد میں غیر ملکی مہمانوں کیلئے گاڑیاں کرائے پر لینا پڑیں گی۔ڈپٹی اٹارنی جنرل خالد محمود نے کہا کہ اضافی گاڑیوں کی نیلامی کی جا رہی ہے۔ کروڑوں روپے مالیت کی گاڑیاں مقروض قوم پر بوجھ ہیں۔ وزیراعظم بیک وقت درجنوں گاڑیاں استعمال نہیں کرسکتے۔عدالت نے ابتدائی دلائل سننے کے بعد سرکاری گاڑیوں کی نیلامی رکوانے کی استدعا مسترد کرتے ہوئے سماعت غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کر دی۔

مزیدخبریں