افغانستان: مظاہرین پر خودکش حملہ‘32 جاں بحق‘128 زخمی

Sep 12, 2018

جلال آباد (اے ایف پی+صباح نیوز) افغان صوبہ ننگر ہار میں مظاہرین پر خودکش حملہ کرایا گیا۔ 32 جاں بحق اور 128 زخمی ہو گئے۔ زخمیوں سے ہسپتال بھر گئے۔ جائے دھماکے پر اعضاء اور خون بکھر گیا۔ عینی شاہدین نے بتایا ہر طرف زخمی چیخ چلا رہے تھے۔ نوجوان گل مجید نے میڈیا کو بتایا مجھے معلوم نہیں میرے دوست زندہ ہیں یا مارے گئے۔ صوبائی گورنر کے ترجمان عطاء اللہ خوگیانی نے بتایا لوگ مقامی پولیس چیف کی تعیناتی کے خلاف احتجاج کر رہے تھے اچانک دھماکہ ہو گیا۔ فوری طورپر کسی گروپ نے ذمہ داری قبول نہیں کی۔ ننگر ہار میں داعش اور طالبان سرگرم ہیں۔ صوبائی کونسل کے رکن عبیداللہ کا دعویٰ ہے کہ دھماکے میں کم از کم 50 افراد ہلاک ہوئے ہیں مقامی میڈیا کے مطابق دھماکہ اس وقت ہوا جب مظاہرین کی بڑی تعداد مقامی پولیس کمانڈر کی برطرفی کیلئے جلال آباد طورخم ہائی وے پر مہمند ورہ کے مقام پر احتجاج کر رہی تھی۔

مزیدخبریں