جے آئی ٹی ‘ جوڈیشل ٹربیونل بنانے کا حکم ‘ ختم کئے گئے مقدمات دوبارہ کھولے جائیں: سندھ ہائیکورٹ
کراچی(آن لائن ، صباح نیوز) سندھ ہائیکورٹ نے سانحہ 12 مئی کی تحقیقات کے لیے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) بنانے کا حکم دیا ہے۔ سندھ ہائیکورٹ کے جسٹس اقبال کلہوڑو اور جسٹس کے کے آغا پر مشتمل 2 رکنی بینچ نے سانحہ 12 مئی 2017 سے متعلق درخواست پر فیصلہ سناتے ہوئے تحقیقات کے لیے جوڈیشل ٹریبونل بھی بنانے کا حکم دیا۔عدالت نے فیصلے میں سندھ حکومت کو دو ہفتے میں عملدر آمد کر کے رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی جب کہ عدالت نے اے کلاس کے تحت ختم کیے گئے 65 مقدمات دوبارہ کھولنے کا بھی حکم دیا۔دو رکنی بینچ نے چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ سے ان مقدمات کی مانیٹرنگ کے لیے جج بھی مقرر کرنے کی سفارش کی ہے۔ عدالت نے سانحہ 12 مئی کے متاثرین کو معاوضے کی ادائیگی سے متعلق رپورٹ بھی پیش کرنے کا حکم دیا۔یاد رہے کہ چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے 12 مئی 2018 کو ہائیکورٹ کو تین ماہ میں مقدمہ نمٹانے کا حکم دیا تھا جس کے بعد عدالت نے فریقین کے وکلا سمیت عدالتی معاونین کے دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کیا تھا۔ کیس کی سماعت کے دوران درخواست گزار اقبال کاظمی نے تحقیقات کے لیے عدالتی کمیشن بنانے کی استدعا کی جب کہ وفاق اور عدالتی معاونین نے بھی کمیشن بنانے کے حق میں دلائل دیے تاہم سندھ حکومت نے عدالتی کمشن بنانے کی مخالفت کی تھی۔عدالت نے سندھ حکومت کو حکم دیا کہ چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ سے رجوع کرکے ان کی ہدایات کی روشنی میں ٹریبونل بنایا جائے۔ کیس کا شروع سے آخر تک دوبارہ جائزہ لیا جائے ۔ جے آئی ٹی ہر دو ہفتے بعد پیش رفت رپورٹ جمع کرائے گی، واقعے کے ماسٹر مائنڈ کو پکڑا جائے گا۔ جے آئی ٹی اور انکوائری ٹریبونل کی رپورٹ کے بعد ہی کیس کا حتمی فیصلہ سنایا جائے گا۔