اسلامی سال کے آغاز پر نیک خواہشات کا اظہار‘ محرم الحرام اسلاف کی قربانیاں یاد دلاتا ہے: صدر‘ وزیراعظم
لاہور (خصوصی رپورٹر) صدر مملکت عارف علوی نے نئے اسلامی سال ۱۴۴۰ھ کے آغاز پر پاکستانی قوم اور اہل اسلام کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ محرم الحرام بالعموم ہمیں اپنے اسلاف کی قربانیوں، صبر و برداشت، استقامت جیسی اعلیٰ انسانی اقدار کی پاسداری اور بالخصوص واقعہ ہجرت نبوی پر انصار و مہاجرین کی باہمی محبت و اخوت، بھائی چارے، ہمدردی، اتحاد و یگانگت کے جذبات کے فروغ کی یاد دلاتا ہے، موجودہ جمہوری حکومت نے ملک و قوم کی ترقی و خوشحالی کے لیے صحیح سمت میں سفر کا آغاز کر دیا ہے۔ بہت جلد ہم اپنی ترقی کے مقررہ اہداف کو حاصل کرنے میں کامیاب ہوجائیں گے۔ وزیراعظم عمران خان نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ دعا کرتا ہوں کہ یہ سال امت مسلمہ کے لئے باعث رحمت ثابت ہو‘ ہمیں محدود علاقائی‘ ذاتی اور نسلی نفرتوں اور بلاوجہ کے تعصبات کو خیرباد کہہ کر ملک و قوم کی ترقی اور خوشحالی کے لئے کام کرنا چاہئے۔ یہی سیدھی راہ ہے۔