آئین بلاتفریق تمام شہریوں کے حقوق کا ضامن ہے: ہائیکورٹ

Sep 12, 2018

لاہور (وقائع نگار خصوصی) ہائیکورٹ نے ہندوئوں کے لیے آخری رسومات کے لیے جگہ فراہم نہ کرنے کے خلاف دائر کیس کی سماعت کرتے ہوئے سیکرٹری بلدیات، ڈی جی ایل ڈی اے، ڈی سی لاہور اور کمشنر سے 13ستمبر کو رپورٹ طلب کرلی۔ عدالت نے قرار دیا کہ آئین پاکستان بلاتفریق تمام شہریوں کے حقوق کا ضامن ہے۔ جسٹس علی اکبرقریشی نے ایڈووکیٹ اشتیاق چوہدری کی درخواست پر سماعت کی۔ درخواست گزار کے وکیل نے موقف اختیار کیاکہ لاہور میں ہندو برادری سے تعلق رکھنے والے افراد کو حقوق نہ ملنے کے باعث شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ درخواست گزار کے وکیل نے بتایاکہ ہندو برادری سے تعلق رکھنے والا کوئی شحض یا عورت انتقال کرجائے تو آخری رسومات کے لیے شمشان گھاٹ موجود نہیں جس کی وجہ سے ہندو برادری کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ عدالت نے ریمارکس دئیے کہ آئین کے تحت ہر شہری کے حقوق برابر ہیں آئین کسی سے امتیازی سلوک کی اجازت نہیں دیتا۔

مزیدخبریں