23 ستمبر سے بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکل چلانے والوں کے خلاف بلا تمیز کارروائی کی جائے: ہائیکورٹ
لاہور (وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ نے ہیلمٹ کے بغیر موٹر سائیکل چلانے والوں کے خلاف بلا تفریق قانونی کارروائی کا حکم دیدیا جبکہ ٹریفک لائسنس کے اجرا کا طریقہ بھی مانگ لیا ہے۔ عدالت نے حکم دیا کہ کل سے مال روڈ سمیت دیگر بڑی سڑکوں پر آگاہی مہم چلائی جائے اور23ستمبر سے ہیلمٹ کے بغیر موٹر سائیکل چلانے والوں کے خلاف بلا تمیز کارروائی کی جائے۔ درخواست میں نشاندہی کی گئی تھی کہ شہر میں بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکل چلانے والوں کی بھرمار ہے جس سے ٹریفک حادثات کے نتیجے میں زخمی اور جاں بحق ہونے کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے۔ عدالت نے چیف ٹریفک پولیس آفیسر کو ٹریفک رولز پر سختی سے عمل درآمد کا حکم دیا۔ عدالت نے گاڑی اور موٹر سائیکل لائسنس کا میرٹ پر اجرا کرنے کا حکم بھی دیا۔ انہوں نے بتایاکہ مختلف مواقعوں پر ہیلمٹ پہننے سے متعلق مہم چلاتے ہیں لیکن بعض افراد تعاون نہیں کرتے تو الزام ٹریفک پولیس پر عائد کردیا جاتا پہلے دس محرم میں نفری کی کمی ہے جس کی وجہ کچھ دنوں مشکلات پیش آئیں گی۔ عدالت نے کہاکہ آپ ٹریفک رولز پر بلا امتیاز عمل درآمد کرائیں۔ہائیکورٹ نے مال روڈ کے ثقافتی حسن کی بحالی اور تجاوزات کے خاتمے کیلئے عدالتی احکامات پر عملدرآمد کی تفصیلی رپورٹ طلب کر لی۔ عدالت نے واضح کیا کہ ہال روڈ کے فٹ پاتھ سے بھی تجاوزات مکمل ختم کیا جائے کسی سے رعایت نہ برتی جائے۔