سپریم کورٹ نے ایم کیو ایم پرپابندی لگانے اور وفاقی وزیرداخلہ رحمن ملک کے خلاف تحقیقات کروانے سے متعلق دائردرخواست اعتراضات لگا کرواپس کردی۔

درخواست ایڈووکیٹ طارق اسد نے ذوالفقارمرزا کی جانب سے ایم کیو ایم اوررحمن ملک پرلگائے گئے الزامات کی روشنی میں گزشتہ ہفتے دائرکی گئی تھی۔ سپریم کورٹ نے درخواست مسترد کرتے ہوئے اعتراضات لگائے ہیں کہ وفاقی وزیرداخلہ رحمن ملک کو آئینی طورپراستثنی حاصل ہے اس لیے انہیں فریق نہیں بنایا جاسکتا۔ایڈووکیٹ طارق اسد کی کراچی میں امن وامان کے لیے فوج کوبلوانے کی دائرپیٹیشن میں ہی یہ درخواست بھی دینی چاہیے تھی۔ سپریم کورٹ نے یہ اعتراض بھی لگایا ہے کہ ذوالفقارمرزا کی تقریرسے درخواست گزار کا کوئی حق سلب نہیں ہوا اس لیے درخواست نہیں سنی جاسکتی۔ ایڈووکیٹ طارق اسد نے وقت نیوز سے گفتگومیں کہا کہ آئین کے آرٹیکل ایک سو چھیاسی کے تحت انسانی حقوق کی خلاف ورزی پرکسی کوبھی درخواست دائرکرنے کا حق حاصل ہے۔