اللہ سے رشتہ مضبوط کریں
مکرمی! گزارش ہے کہ بے شک مادی ترقی بڑی اہمیت کی حامل ہے مگر ہمیں اپنی اخلاقی و روحانی تربیت سے بھی غافل نہیںہونا کیونکہ اصل کامیابی تو آخرت کی کامیابی ہے۔ ہمیں اصلاح باطن و تزکیہ نفس کی طرف اپنی توجہ کو بڑھانا ہوگا اور اللہ سے اپنے رشتے کو مضبوط کرنا ہوگا۔ یہ توبہ‘ استغفار‘ درود شریف اور ذکر الٰہی کی کثرت سے حاصل ہوگا اور افعال ذمیمہ یعنی جھوٹ‘ چوری‘ خیانت‘ تکبر‘ ظلم و بداخلاقی سے بچتے ہوئے اور ایثار و قربانی‘ عاجزی‘ صبر و شکر اور احترام انسانیت و خدمت انسانیت کے اوصاف حمیدہ کو اختیار کرنے سے حاصل ہوگا اور اس کیلئے تصوف کے حلقوں اور روحانی مراکز سے قلبی تعلق و رابطوں کو بڑھانا ہوگا اور اللہ والوں اور مشائخ کی خدمت میں بیٹھ کر ان سے اکتساب فیض کرنا ہوگا۔(علامہ محمد شفاعت رسول قادری )