وزیر اعظم عمران خان کے وژن کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کی اقتصادی پالیسیوں کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں ، رواں مالی سال کے ابتدائی تین ماہ کے دوران حکومت کی نان ٹیکس آمدن میں140فیصد اضافہ ہوا، ملک کے تجارتی خسارے میں 35 فیصد اور مالیاتی خسارے میں36 فیصد کمی ہوئی، برآمدات میں اضافہ اور درآمدات میں کمی ہوئی ، ایکسچینج ریٹ اور زرمبادلہ کے ذخائر میں استحکام آیا اس کے علاوہ بیرونی سرمایہ کاری میں اضافے سمیت سمندر پار کام کرنے والی افرادی قوت اور سٹاک مارکیٹ میں بھی نمایاں اضافہ ہوا ہے ۔ان خیالات کا اظہار وزیر اعظم کے مشیر برائے خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ اور فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے چیئرمین شبر زیدی نے ہفتے کو یہاں پریس کانفرنس سے خطاب کے دوران کیا۔ مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ نے کہا کہ حکومت نے کوشش کی کہ کرنٹ اکائونٹ خسارے پر قابو پایا جائے اور زرمبادلہ کے ذخائر کو مستحکم کیا جائے،اس حوالے سے ہم نے دوست ممالک سے مختلف معاہدے کیے اور ان سے 7 ارب ڈالر سے زیادہ رقوم حاصل کیں اور اسی طرح عالمی بینک اور ایشیائی ترقیاتی بینک سمیت دیگر عالمی اداروں سے بھی 10ارب ڈالر حاصل کیے گئے جس سے زرمبادلہ کے ذخائر کو بہتر کیاگیا۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے اپنے اخراجات کو کم کرنے کا فیصلہ کیا جس کے تحت کابینہ کی تنخواہیں کم کی گئیں اور فوج کا بجٹ منجمد کیا گیا اس کے علاوہ سیکرٹری سطح کے اعلیٰ افسروں کی تنخواہیں منجمد کرنے کے علاوہ وزیر اعظم آفس اور وزیر اعظم ہائوس کے اخراجات میں کمی کے ساتھ ساتھ حکومتی آمدنی بڑھانے کی کوششیں کی گئیں،اس حوالے سے ملک کے امیر طبقے سے ٹیکس کے حصول میں اضافہ اور ٹیکس کے دائرہ کار میں توسیع پر خصوصی توجہ دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ رواں مالی سال فیڈرل بورڈ آف ریونیو کیلئے 5500 ارب روپے کی ٹیکس وصولیوں کا ہدف رکھا گیا ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ ملکی برآمدات اور پیداوار کو بڑھانے کی کوشش کی گئی تاکہ روز گار کے موقع پیداہوسکیں ۔ مشیر خزانہ نے کہا کہ حکومت کی طرف سے برآمدی صنعت کو بجلی ، گیس اور قرضوں کے حصول میں مراعات دی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ مالی سال کے پہلے تین ماہ کے دوران حکومت نے دو بڑے خساروں پر قابو پایا ہے ، گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ کے دوران بیرونی تجارت کا خسارہ 9 ارب ڈالر تھا جو تین ماہ کے دوران 5.7 ارب ڈالر تک کم ہوا اور تجارتی خسارے میں 35 فیصد کمی واقع ہوئی ہے اور اسی طرح مالیاتی خسارے کو بھی تین ماہ کے دوران 36 فیصد تک کم کیا گیا ہے، حکومت کے یہ چند بڑے اقدامات ہیں جن کے اچھے نتائج سامنے آئے ہیں۔
شہباز شریف اب اپنی ساکھ کیسے بچائیں گے
Apr 18, 2024