لاہور(صباح نیوز) صوبائی وزیر اطلاعات پنجاب میاں اسلم اقبال نے منافع خوروں کے خلاف بھرپور کارروائی کااعلان کرتے ہوئے کہا کہ ہم شہبازشریف کی طرح کوئی شعبدہ بازی نہیں کریں گے۔ ڈی سی آفس لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مصنوعی مہنگائی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی، دکاندار اشیائے ضروریہ کی ریٹ لسٹ آویزاں کرنے کے پابند ہیں اور عوام مہنگائی کرنے والوں کے خلاف شکایت درج کر ائیں۔صوبائی وزیر اطلاعات نے اپوزیشن پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ملکی معیشت میں استحکام آرہا ہے جبکہ کرپٹ مافیا بے روزگار ہو چکے ہیں،یہی وجہ ہے کہ(ن) لیگ اور زرداری کو مولانا کی ضرورت پڑگئی ہے اس کی وجہ یہ ہے کہ سب کی معیشت خراب ہوچکی ہے۔ انہوں نے شہباز شریف کو شعبدہ باز قرار دیتے ہوئے کہا کہ چھ کیمپ آفس بنا کر عوام کے پیسوں پر ڈاکہ ڈالا گیا،ہم نے اپنی تصویریں لگا کر خود کو پروموٹ نہیں کیا،اور نہ ہی ہم شہبازشریف کی طرح کوئی شعبدہ بازی نہیں کریں گے۔انہوں نے کہا کہ اورنج لائن منصوبے کو بائیس اکتوبر کو ٹیسٹ ڈرائیو کیا جائیگا،جبکہ بائیس جنوری سے بائیس فروری تک آپریشنل کردی جائے گی۔
شہباز شریف اب اپنی ساکھ کیسے بچائیں گے
Apr 18, 2024