وزیراعظم شکایات سیل نواز شریف کے دور میں بنا ، شیخ آفتاب نے اچھا چلایا، علی محمد خان
اسلام آباد( وقائع نگار خصوصی) قومی اسمبلی کی مجلس قائمہ برائے پارلیمانی امور کے اجلاس میں وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان نے کہا کہ وزیراعظم شکایات سیل نواز شریف کے دور میں بنا ،جسے شیخ آفتاب نے اچھا چلایا، اس ونگ میں پورے پاکستان سے درخواستیں آتی ہیں ، نواز شریف کے دور میں مہلک امراض کے علاج کے پروگرام کے تحت کافی مریضوں کا علاج ہوا ، نگران حکومت میں یہ پروگرام نہیں چل سکا ، اب مہلک امراض کے علاج کے پروگرام کو پاکستان بیت المال اور وزارت صحت دیکھے گی،ان کے پاس پورا سیٹ اپ ہے، پی کے ایل آئی ہسپتال لاہور کادورہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے ،جمعہ کو قومی اسمبلی کی مجلس قائمہ برائے پارلیمانی امور کا اجلاس چیئرمین مجاہد علی کی صدارت میں ہوا،اجلاس میں دوران وزیراعظم شکایات سیل کی کارکردگی کے حوالے سے بریفنگ دی گئی، رکن کمیٹی رانا مبشر اقبال نے کمیٹی کو بتایا کہ شہباز شریف نے پی کے ایل آئی ہسپتال بنایا تھا اس ہسپتال کی تین شفٹس چلائی جائیں،800 بیڈ کا بڑا اچھا ہسپتال ہے جس کی تباہی کر دی گئی ہے ، ڈاکٹر باہر سے آئے تھے جن کی تنخواہوں پر اعتراض اٹھایا گیا ،وہ واپس چلے گئے ، ڈاکٹروں کو دوبارہ درخواست کر کے بلایا جائے۔رکن کمیٹی محمود بشیر ورک نے کہا کہ سابق چیف جسٹس کے بھائی ڈاکٹر تھے ،وہ کمیشن لے کر مریضوں کو بھارت کے ہسپتالوں میں بھیجا کرتے تھے ، اس ہسپتال سے ان کا کاروبار ختم ہو گیا تھا ، یہ ہسپتال بہت بڑا ادارہ بن رہا تھا،چیئرمین کمیٹی نے کہا کہ ہم اس ہسپتال کا دورہ کریں گے ۔