کشمیریوں کو حق خود ارادیت دلوانے کیلئے آخری حد تک جائیں گے،علی امین گنڈاپور
اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان علی امین خان گنڈا پورنے کہا ہے کہ کشمیریوں کو حق خود ارادیت دلوانے کے لیے آخری حد تک جائیں گے اور مودی کے ہندو انتہا پسند فاشسٹ ایجنڈے کو دُنیا کے تمام فورمز پر بے نقاب کرنے کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔انہوںنے ان تاثرات کا اظہار یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر تقریب کے شرکاء سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ انہوںنے کہاکہ یوم یکجہتی کے موقع پر عوام کی کثیر تعداد میںشرکت اس امر کا واضح ثبوت ہے کہ پاکستانی عوام مقبوضہ کشمیر کے بھائیوں پر بھارتی مظالم کو کسی صورت میں برداشت نہیں کر سکتے۔ انہوںنے کہا کہ عوام نے ہاتھوں کی زنجیر بنا کر اپنے مقبوضہ کشمیر کے بھائیوں سے یکجہتی کا بھرپوراظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم عالمی برادری اور انسانی حقوق کی تنظیموںپربھی یہ بات واضح کرنا چاہتے ہیں کہ وقت آگیا ہے کہ اقوام متحدہ اور عالمی برادری اپنا اثرورسوخ استعمال کرتے ہوئے مقبوضہ کشمیر میں پچھلے دو ماہ سے زائد عرصہ سے جاری کرفیو کو ختم کرائے اور اُن کو حق خود ارادیت دلوانے کے لیے موثر اقدامات اٹھائے ۔ انہوںنے کہا کہ وہ عالمی میڈیا سے بھی یہ اُمید رکھتے ہیں کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی جانب سے کشمیری عوام پر ڈھائے جانے والے ظلم وجبر کو مزید بے نقاب کریں گے ۔ علی امین خان گنڈا پورنے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت وزیراعظم عمران خان کے وژن پر کام کرتے ہوئے مسئلہ کشمیر کو ہر فورم پر بھرپور انداز میں اٹھا رہی ہے جس سے مسئلہ کشمیر اب بین الاقوامی سطح پر پہلے سے کہیں زیادہ نمایاں طور پر اُجاگر ہوتا ہو ا نظر آ رہا ہے اور دنیا پاکستان کے موقف کی بھرپور تائیدکر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم اُ س وقت تک اپنے مقبوضہ کشمیر کے عوام کی حمایت جاری رکھیں گے جب تک اُن کو حق خو د ارادیت نہیں مل جاتا ہے ۔انہوںنے کہا کہ بھارت کو یہ جان لینا چاہیے کہ کشمیری حق خودارادیت سے کم کسی چیز پر راضی نہیں ہوں گے۔ وفاقی وزیرنے ایک بار پھر اس عزم کا اظہار کیا کہ پوری پاکستانی قوم اپنے مقبوضہ کشمیر کے بھائیوں کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے اور وہ وقت دور نہیں جب انہیں اپنی مرضی کے مطابق زندگی گزارنے کا حق ملے گا۔