برطانوی شاہی جوڑا نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہوربھی جائیگا
لاہور(آئی این پی)برطانوی شاہی جوڑا شہزادہ ولیم اور شہزادی کیٹ دورہ پاکستان کے دوران نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور بھی جائے گا، جہاں ان کے اعزاز میں پی سی بی کی جانب سے پروقار تقریب کا اہتمام کیا جائے گا۔برطانوی شاہی جوڑا 14سے 18اکتوبر تک پاکستان کا دورہ کرے گا، اس دوران شہزادہ ولیم اور شہزادی کیٹ سیاسی قائدین سے ملاقاتوں کے ساتھ کئی تقاریب میں شرکت بھی کریں گے۔برطانوی ہائی کمیشن نے شہزادہ ولیم اور شہزادی کیٹ مڈلٹن کے نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہورکے دورے کو حتمی شکل دے دی، شاہی جوڑا این سی اے میں 40منٹ گزارے گا، برطانوی مہمان جدید سہولیات سے آراستہ اکیڈمی کے مختلف حصے دیکھیں گے۔حکام کے مطابق برطانوی شاہی مہمانوں کے اعزاز میں پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے تقریب بھی منعقد ہوگی جس میں پی سی بی حکام، سابق اور موجودہ اسٹار کرکٹرز سمیت دیگر شخصیات شرکت کریں گی۔