سمندری غذائوں کی برآمدات میں اضافہ 36.393 ملین ڈالرز زرمبادلہ کمایا گیا
اسلام آباد (اے پی پی) رواں مالی سال کے دوران سمندری غذا کی برآمدات میں 23.09 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ ادارہ برائے شماریات پاکستان (پی بی ایس) کے اعدادوشمار کے مطابق جاری مالی سال میں جولائی اور اگست 2019ء کے دوران سمندری غذا کی برآمدات سے 36.393 ملین ڈالر زرمبادلہ کمایا گیا ہے جبکہ جولائی اور اگست 2018ء میں برآمدات کا حجم 29.565 ملین ڈالر رہا تھا۔اس طرح گزشتہ مالی سال کے مقابلہ میں جاری مالی سال کے ابتدائی دو ماہ کے دوران سمندری غذا کی قومی برآمدات میں 6.828 ملین ڈالر یعنی 23.09 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ پی بی ایس کے مطابق بالحاظ وزن برآمدات میں 32.20 فیصد اضافہ ہوا ہے اور رواں مالی سال 2019-20ء کے پہلے دو ماہ کے دوران 16ہزار 652 میٹرک ٹن سمندری غذائیں برآمد کی گئی ہیں جبکہ گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ کے دوران برآمدات کا حجم 12ہزار 596 میٹرک ٹن رہا تھا۔