سمندر پار پاکستانیوں کی ترسیلات زر کے حجم میں ستمبر کے دوران 17.6 فیصد اضافہ
اسلام آباد(اے پی پی) سمندر پار پاکستانیوں کی کی ترسیلات زر کا حجم ستمبرکے دوران 17.6 فیصد اضافہ کے ساتھ 1.747 ارب ڈالر ہو گیا۔ عارف حبیب لمیٹد کے شعبہ ریسرچ کے سربراہ سمیع اللہ طارق کی رپورٹ کے مطابق ستمبر 2019ء کے دوران سعودی عرب سے بھیجی گئی رقوم میں 60.72 ملین ڈالر اضافہ سے ترسیلات کا حجم 420.88 ملین ڈالر تک بڑھ گیا جبکہ ستمبر 2018ء کے دوران سعودی عرب سے مقیم پاکستانیوں کی جانب سے 360.16 ملین ڈالر کی ترسیلات زر کی تھیں۔ اس طرح متحدہ عرب امارات میں کام کرنے والے پاکستانیوں نے بھی ستمبر 2018ء کے مقابلہ میں ستمبر 2019ء کے دوران 55.21 ملین ڈالر کی اضافی ترسیلات زر کی ہیں۔ رپورٹ کے مطابق ستمبر 2018ء کے دوران یو اے ای سے 308.13 ملین ڈالر پاکستان بھیجے تھے جبکہ سمتبر 2019ء میں ترسیلات زر کا حجم 363.34 ملین ڈالر تک پہنچ گیا۔ اس طرح امریکا سے موصول ہونے والی ترسیلات بھی 240.49 ملین ڈالر کے مقابلہ میں 281.91 ملین ڈالر تک پہنچ گئیں اور برطانیہ میں موصولہ ترسیلات کا حجم بھی 216.75 ملین ڈالر کے مقابلہ میں 264.89 ملین ڈالر تک بڑھ گیا۔