اسلامی یونیورسٹی اور امریکی سفارتخانے کے مابین مفاہمتی یادداشت پر دستخط
اسلام آباد(نا مہ نگار)بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اور امریکی سفارتخانے کے اشتراک سے جامعہ میں قائم کردہ لنکن کارنر کے ذریعے باہمی تعاون اور تعلیم کے فروغ کے مشترکہ منصوبوں کے لیے مفاہمت کی ایک یادداشت پر دستخط کر دیے گئے۔ اس حوالے سے تقریب اسلامی یونیورسٹی کے فیصل مسجد کیمپس میں دفتر صدر جامعہ میں منعقد ہوئی اور اس معاہدے پر امریکی سفاتخانے کی جانب منسٹر کونسلر برائے عوامی امور لیزا ہیلر جبکہ اسلامی یونیورسٹی کی جانب سے صدر جامعہ ڈاکٹر احمد یوسف الدریویش نے دستخط کیے۔معاہدے کی رو سے فریقین ،ثقافتی ، تعلیمی پروگراموں کے تبادلوں اور طلباء کے لیے بہترین تعلیمی مواقعوں کی فراہمی جیسے نکات پر مل کر کام کریں گے۔ اس سنٹر میں امریکی سفارتخانے کے تعاون سے جامعہ میں لائبریری و اطلاعات ،انگریزی کیکورسز اور دیگر پروگراموں کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔امریکی منسٹر کونسلر نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہاکہ لنکن کارنر امریکی جامعات اور اسلامی یونیورسٹی کے طلباء کے مابین خیالات و تجربات کے تبادلے کا اہم پلیٹ فارم ہے اور امریکی سفارتخانہ ان تعلقات کی وسعت میں ہمیشہ تعاون کے لیے تیار رہتا ہے۔ انہوں نے صدر جامعہ کی اس تجویز کی بھی توثیق کی کہ دو طرفہ تعاون کے فروغ کے لیے وفود کے تبادلوں کا خصوصی اہتمام کیا جائے۔ ڈاکٹر احمد یوسف الدریویش نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تعلیمی مذاکروں اور اعلیٰ تعلیم کے تعمیری منصوبوں کے لیے یہ سنٹر ایک اہم جگہ ہے۔