پاکستان اور چین کے مابین ٹرانسپورٹ انفراسٹرکچر پر متفقہ نکات پر دستخط
اسلام آباد (پ ر) گذشتہ روز پاکستان اور چین کے درمیان ٹرانسپورٹ انفراسٹرکچر پر جائنٹ ورکنگ گروپ کے ساتویں اجلاس کے اختتام پر متفقہ نکات پر وزارت مواصلات میں دستخط کئے گئے۔پاکستان کی طرف سے وفاقی سیکرٹری مواصلات جواد رفیق ملک اور چین کی طرف سے چین کی وزارت ٹرانسپورٹ کے چیف پلانر وانگ زی چنگ نے دستخط کئے۔وفاقی وزیر مواصلات و پوسٹل سروسز مراد سعید بھی اس موقع پر موجود تھے۔چین کے وفد نے وفاقی وزیر مواصلات و پوسٹل سروسز مراد سعید سے ملاقات بھی کی۔مراد سعید نے چین کے وفد کو خوش آمدید کہتے ہوئے جائنٹ ورکنگ گروپ کے فورم کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔انہوں نے کہا کہ یہ فورم سی پیک کے انفراسٹرکچر منصوبوں پر عملدرآمد کیلئے کلیدی حیثیت رکھتا مراد سعید نے چین کے انجنیئرز اور کارکنوں کی محنت،لگن اور پیشہ وارانہ مہارت کو سراہا۔انہوں نے کہا کہ سی پیک انفراسٹرکچر منصوبوں کی بروقت تکمیل کیلئے تمام اقدامات عمل میں لائے جائیں گے،جس سے نہ صرف ملازمت کے مواقع پیدا ہونگے بلکہ مقامی کاروبار میں بہتری بھی آئے گی۔