بانی پاکستان کی زندگی کھلی کتاب ہے: میاں محمد افضل
لاہور (پ ر) با نیٔ پاکستان کی زندگی کھلی کتاب کی طرح ہے جس کے ہر ورق پر سچائی و بیباکی روز روشن کی طرح عیاں ہے۔ قائداعظمؒ کی حیات وخدمات سے نئی نسل کو آگہی فراہم کرنے کیلئے آسان الفاظ میں نئی کتب کی تصنیف وقت کی اہم ضرورت ہے۔ ان خیالات کااظہار مصنف ودانشور میاں محمد افضل نے ایوان کارکنان تحریک پاکستان ، لاہور میں اپنی تصنیف ’’میر کارواں‘‘ سیکرٹری نظریۂ پاکستان ٹرسٹ شاہد رشید کو پیش کرتے ہوئے کیا۔ میاں محمد افضل نے کہا کہ یوں تو قائداعظمؒ کی بہت سی بائیو گرافی لکھی جا چکی ہیں تاہم ایک ایسی بائیو گرافی کی ضرورت محسوس کی جا رہی تھی جو مستند ہو اورجس کے ذریعے قائداعظمؒ کا وژن بہترین انداز میں قوم کے سامنے آجائے۔ یہ کتاب محض واقعات کی ترتیب کا نام نہیں بلکہ اسناد کے ساتھ حقائق عوام کے سامنے پیش کیے گئے ہیں۔ اس کتاب میں قائداعظمؒ کے ہم عصر رہنمائوں کی آراء بھی شامل کی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا دو جلدوں پر مشتمل یہ کتاب 1700صفحات پر مشتمل ہے اور اسے لکھنے و ترتیب دینے میں سات سال کا عرصہ لگا ہے۔اس کتاب کے ذریعے میں نے کوشش کی ہے کہ بابائے قوم کی زندگی کے تمام گوشوں کو منظر عام پر لایا جائے۔