عوام دشمن عناصر ملک کو عدم استحکام کا شکار کرنا چاہتے ہیں: گورنر
لاہور (نیوز رپورٹر) گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ عوام دشمن عناصر ملک کو عدم استحکام کا شکار کر نا چاہتے ہیں مگر احتساب، شفافیت اور میرٹ پر کسی سمجھوتہ کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ ملکی دفاع، ترقی وخوشحالی کیلئے افواج پاکستان اور حکومت ایک پیج پر ہے۔ حکومت اداروں کو مضبوط بنا رہی ہے۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں افواج پاکستان نے کامیابی کی نئی تاریخ رقم کردی ہے۔ ملک کو در پیش چیلنجز سے نمٹنے کیلئے حکومت سمیت معاشرے کے تمام طبقات کو ملکر کام کرنا ہوگا۔ عوام کو صحت، تعلیم اور پینے کے صاف پانی کی فراہمی کیلئے50این جی اوز نے پنجاب ڈویلپمنٹ نیٹ ورک کے نام سے تیزی کیساتھ کام شروع کردیا ہے۔ وہ گورنر ہاؤس لاہور میں قائم مقام نائب صدر این یو ڈی میجر جنرل آصف علی کی سربراہی میں ملاقات کر نیوالے نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کے نیشنل سکیورٹی ورکشاپ کے وفد، الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کی ایوارڈتقر یب سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ ایوارڈ تقر یب میں الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے صدر محمد عبد الشکور،سنٹر ل پنجاب کے صدر اکرام الحق سبحانی،اخوت پاکستان کے چیئر مین ڈاکٹر امجد ثاقب اور چائلد بیورو پنجاب کی چیئر پرسن سائرہ احمد سمیت دیگر بھی موجود تھے۔نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کے نیشنل سکیورٹی ورکشاپ کے وفد سے گفتگو کے دوران گور نر پنجاب نے کہا ہے کہ ملکی سر حدوں کی حفاظت کیلئے جانیں قر بان کر نیوالوں کو قوم سلام پیش کرتی ہے۔ زلزلہ سمیت جب بھی پاکستانی قوم پر کوئی مشکل وقت آتا ہے تو افواج پاکستان حکومتی اداروں کیساتھ ملکر جس طر ح کام کرتی ہے دنیا میں اسکی کوئی اور مثال نہیں ملتی۔ پاکستان کو اس وقت معاشی سمیت دیگر چیلنجز کا سامنا ہے جن کا مقابلہ صرف حکومت یا افواج پاکستان نے ہی نہیں سیاستدانوں سمیت معاشرے کے تمام طبقات کو ملکر کر نا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں موجودہ حکومت نے کر پشن،بد عنوانی،مہنگائی اور بے روزگاری کے خاتمے اور معاشی ترقی کیلئے جواقدامات کیے ہیں انکی وجہ سے پاکستان ہرگزرتے دن کیساتھ ترقی اور خوشحالی کی جانب گامزن ہے اور ہم نے قوم سے جتنے بھی وعدے کئے ہیں ان پر ہر صورت مکمل عمل کیا جائیگا۔ سیاست میں آکر پیسہ بنانیوالوں کو قوم اور تاریخ معاف نہیں کر یں گی۔